مزید 5 پاکستانیوں کے اسرائیل جانے کا انکشاف، مقدمات کی تعداد 10 ہو گئی

پیر 28 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مزید پاکستانیوں کے اسرائیل جانے کا انکشاف ہوا ہے، اسرائیل سے پاکستان پیسے بھیجے جانے پر ایف آئی اے نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جواب طلب کر لیا ہے، جبکہ ایف آئی نے مقدمات بھی درج کر لیے۔

فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ کے مطابق سندھ کے علاقے میرپور خاص سے اسرائیل جانے والے پاکستانی شہریوں کے بعد پنجاب سے بھی پاکستانی شہریوں کے اسرائیل جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پاکستان سے اسرائیل جانے کے مقدمات 10 تک جا پہنچے ہیں۔

فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ نے بتایا ہے کہ ملزمان کی 118 ٹرانزیکشنز پوسٹ آفس میر پور خاص سے وصول کی گئیں اور اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ اور گجرات سے بھی کئی خاندانوں کو بھاری فنڈز اسرائیل سے بھیجے جاتے رہے ہیں، اس ضمن میں فنانشنل مانیٹرنگ یونٹ کی تحقیقات کے بعد درج مقدمات کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔

ایف آئی اے کی اسٹیٹ بینک سے جواب طلبی

تفتیشی رپورٹ ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کو ارسال کر دی، رپورٹ میں آیف آئی اے نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جواب طلب کیا ہے کہ بتایا جائے کہ ویسٹرن یونین و دیگر مالیاتی ادارے کس قانون کے تحت اسرائیل سے پاکستان فنڈز منتقل کررہے ہیں؟ سفارتی تعلقات اور حساس معاملہ ہونے کے باوجود اسٹیٹ بینک نے کارروائی کیوں نہیں کی؟

ایف آئی اے نے اسٹیٹ بینک سے اسرائیل سے فنڈز بھیجے جانے کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت اسرائیل میں مقیم مزید 5 پاکستانیوں پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسحاق مانت نامی شہری کی پاکستانی اہلیہ 4 دہائیوں سے اسرائیل میں مقیم ہیں، اسحاق مانت کی اہلیہ کئی پاکستانیوں کو اپنے شوہر کی مدد سے اسرائیل بلا چکی ہیں جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp