ہمارے اتحادی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ’سیاست میں جو ڈر گیا وہ مر گیا‘، بلاول بھٹو

اتوار 10 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میں نے اپنے اتحادیوں سے کہا تھا کہ سیاست میں جو ڈر گیا وہ مر گیا، مگر وہ ڈر گئے اور الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تربیت میں انتخابات سے بھاگنا نہیں، ہم کندھوں پر لاشیں اٹھا کر بھی انتخابات میں جانے کے عادی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میں نے ایم کیو ایم سے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرو مگر انہوں نے ہماری بات نہیں سنی جس کا متحدہ کو نقصان ہوا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہم عمران خان کا مقابلہ عوام کی مدد سے کریں گے، کسی کیئرٹیکر کی مدد سے نہیں، جیو ایچ کیو اور جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کے لیے پیغام ہے کہ ہم آپ سے نہیں ڈرتے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی کردار کشی کا سلسلہ تین نسلوں سے جاری ہے، گزشتہ 15 سال میں ہمارے خلاف مہم کا مقصد ایک کٹھ پتلی کو ملک پر مسلط کرنا تھا۔

لندن سے سیاست کرنے والوں نے حیدر آباد کے مسائل حل نہیں کرنے

انہوں نے کہاکہ لندن سے سیاست کرنے والوں نے حیدرآباد کے مسائل حل نہیں کرنے۔ ہم نے حیدر آباد سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والوں کا صفایا کیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ ہماری حکومت بنے گی تو اس کا فائدہ پاکستان اور عوام کو ہو گا، کیوں کہ ہم ہماری جماعت قائد عوام سے لے کر ملک و قوم کی خدمت کر رہی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے عوام کے مسائل حل کیے، مگر کچھ لوگ تب بھی کہتے تھے کہ خاتون وزیراعظم نہیں بن سکتی۔

بلاول بھٹو نے عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے نااہل اور سلیکٹڈ کی حکومت کا خاتمہ کیا۔ جس میں جیالوں کا بہت اہم کردار ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ دوسری جماعتوں اور پیپلزپارٹی میں ایک ہی فرق ہے کہ ہم اپنی گورننس کی بنیاد پر اپنے منشور پر انتخابات میں اتریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp