اسلام آباد کلب کیس: ہائیکورٹ نے حتمی فیصلے تک انفارمیشن کمیشن کے حکم پر عمل درآمد سے روک دیا

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کلب کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے حتمی فیصلہ آنے تک پاکستان انفارمیشن کمیشن کے معلومات فراہمی کے حکم پر عمل درآمد سے روک دیا گیا ہے اور ساتھ ہی فریقین کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد کلب نے پاکستان انفارمیشن کمیشن کی جانب سے کلب کا رقبہ ، لیز کا معاہدہ، لیز کی مد میں ادائیگی سے متعلق معلومات شہری کو دینے کا حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے پاکستان انفارمیشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد کلب کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے اسلام آباد کلب سےمتعلق تمام ریکارڈ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے پاکستان انفارمیشن کمیشن کے معلومات فراہمی کے حکم پر عمل درآمد سے روک دیا اور فریقین کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کر لیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایاکہ اسلام آباد کلب پبلک باڈی نہیں ہے، جس کے لیے حکومت سے کوئی فنڈ نہیں لیا جاتا، اسلام آباد کلب کی حیثیت سے متعلق درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کلب سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا انفارمیشن کمیشن کا ایک حکم ہائیکورٹ معطل کرچکی ہے، انفارمیشن کمیشن کا اسلام آباد کلب کی معلومات سے متعلق 9 اگست کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

اسلام آباد کلب کی جانب سے یہ بھی موقف اپنایا گیا کہ شہری کی طرف سے معلومات فراہمی کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں ہے۔

درخواست گزار کے مطابق انفارمیشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو بنیاد بنا کر معلومات فراہمی کا حکم دیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں لاہور جم خانہ کو پبلک باڈی ڈیکلیئر کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp