سنہ 2022 میں کئی بے مثال واقعات سامنے آئے جو پہلے کبھی نہ دیکھے گئے۔ یہاں کچھ ایسے سنگ میل پیش کیے جا رہے ہیں جنھوں نے سب سے زیادہ ہماری توجہ حاصل کی۔
1۔ ناسا نے خلائی جہاز ایک سیارچے سے ٹکرا کر اس کا راستہ بدل دیا
امریکی خلائی ایجنسی ناسا 28 ستمبر کو دانستہ طور پر ایک خلائی جہاز کی ٹکر سے سیارچے کی سمت و رفتار تبدیل کرنے میں کامیاب رہا۔
اس تصادم کا مقصد اس بات کی تصدیق کرنا تھا کہ زمین کے لیے خطرہ بننے والی خلائی چٹانوں کو محفوظ طریقے سے کیونکر ہٹایا جا سکتا ہے اور ایسا ہی ہوا۔
زمین کو محفوظ بنانے کا تجربہ: ناسا نے کامیابی کے ساتھ خلائی جہاز ایک سیارچے سے ٹکرا دیا
2۔ انسانی خون میں مائیکرو پلاسٹکس کی دریافت
گذشتہ مارچ میں انوائرمنٹ انٹرنیشنل میگزین میں شائع ہونے والی ایک تحقیق رپورٹ میں کہا گيا کہ جن لوگوں کے خون کے نمونے لیے گئے ان میں 80 فیصد لوگوں کے خون کے نمونوں میں مائیکرو پلاسٹک پائے گئے۔
مائیکرو پلاسٹک دراصل پلاسٹک کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہوتے ہیں جن کی لمبائی پانچ ملی میٹر سے کم ہوتی ہے۔
3۔ فٹبال ورلڈ کپ میں پہلی بار ہونے والی چیزیں
سنہ 2022 کا فیفا ورلڈ کپ تاریخ میں کئی بے مثال سنگ میلوں کے لیے یاد کیا جائے گا۔
پہلی بات یہ کہ یہ فیفا کا پہلا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ تھا جس کا اہتمام کسی عرب یا مسلم ملک یعنی قطر میں کیا گیا۔
جرمنی اور کوسٹا ریکا کے درمیان گروپ مرحلے کے میچ میں جب فرانس کی سٹیفنی فریپارٹ نے مرکزی ریفری کی ذمہ داری ادا کی تو یہ پہلا موقع تھا جب کسی خاتون نے مرکزی میچ ریفری کے طور پر میچ کرایا۔
درحقیقت فریپارٹ نے ایک کل خواتین ریفری ٹیم کی کپتانی کی جس میں ان کے ساتھ اسسٹنٹ ریفریز کے طور پر برازیل کی نیوزا بیک اور میکسیکو کی کیرن میڈینا بھی شامل تھیں۔
تیسری بات مراکش کی ٹیم کی شاندار کارکردگی تھی جس کی وجہ سے پہلی بار ایسا ہوا کہ کوئی افریقی اور عرب ممالک کی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی۔
اور جب سنگ میل کی بات ہے تو قطر 2022 ہی وہ منظر تھا جس نے آخر کار لیونل میسی کو پانچ کوششوں کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ ٹرافی اٹھاتے دیکھا۔
4۔ آٹھ ارب آبادی اور گنتی جاری
15 نومبر 2022 وہ تاریخی دن ہے جس دن اقوام متحدہ کے مطابق پہلی بار دنیا کی انسانی آبادی آٹھ ہزار ملین یعنی آٹھ ارب سے تجاوز کر گئی۔
اقوام متحدہ نے وضاحت کی کہ جہاں دنیا کی آبادی کو سات ارب سے آٹھ ارب تک پہنچنے میں 12 سال لگے، وہیں اگلے ایک ارب اضافے کے لیے اسے کم از کم 15 سال لگیں گے کیونکہ اجتماعی شرح پیدائش میں کمی نظر آ رہی ہے۔
5۔ ملیریا کی ویکسین جو دنیا کو بدل دے گی
آکسفرڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ انھوں نے ملیریا کی ویکسین تیار کی ہے جس میں ’دنیا کو بدلنے‘ کی صلاحیت ہے۔
ملیریا دنیا میں نوزائیدہ بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے اور اس کے خلاف ویکسین تیار کرنا مشکل ہے کیونکہ اس کا سبب بننے والے پیراسائٹ یا مائیکروبز پیچیدہ ہوتے ہیں۔
6۔ لیڈک کا اولمپک اور صنفی تاریخ بنانا
امریکی سکیٹر ٹیموتھی لیڈک فروری میں بیجنگ میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپکس میں حصہ لینے والے پہلے نان بائنری شخص بن گئے۔
لیڈک تمغہ حاصل نہیں کر سکے اور ایشلے کین کے ساتھ جوڑوں کے مقابلے میں ساتویں نمبر پر رہے لیکن انھوں نے دنیا کو متاثر کیا۔