فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بینکنگ فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
مزید پڑھیں
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر ’ایف آئی اے‘ کراچی زون زعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر اشتہاریوں اور فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی علی مراد کی زیر نگرانی چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی جس میں بینکنگ فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
بیان کے مطابق ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے نجی بینک کے 2 کروڑ 45 لاکھ روپے غبن کیے تھے، ملزم عبدالمجید کے خلاف سال 2014 میں مقدمہ درج ہوا تھا،جس کے بعد جمعرات کو ملزم کو کراچی کے علاقے لی مارکیٹ سے گرفتار کیا گیا، ملزم گزشتہ 9 سال سے روپوش تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے متعدد بار چھاپے مارے گئے تھے تاہم جمعرات کو ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔