وزیر اعظم شہباز شریف نے تہنیتی پیغام بھجوانے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے پر اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی جانب سے مبارکباد پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مزید پڑھیں
یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعظم ان کے انتخاب پر مبارک باد کے پیغام پر وہ نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
’دوستی مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کو تیار ہوں‘
شہباز شریف نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی کا رشتہ مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔
سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے اظہار تشکر
دریں اثنا ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں، امید ہے کہ آنے والے وقتوں میں یہ تعلقات مزید پائیدار ہوں گے۔
دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی اظہار تشکر
شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی جانب سے مبارک بادکی کال موصول ہوئی اور ہم نے اپنے ممالک اور خطےکی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے کینیا کے صدرکا بھی شکریہ ادا کیا اور تعلقات مزید بہتر بنانےکے عزم کا اظہار کیا۔