وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمد اورنگ زیب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان رواں مالی سال چینی مارکیٹ میں 30 کروڑ ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کرے گا۔
مزید پڑھیں
امریکی مالیاتی ونشریاتی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ کیش بیلنس کی صورتحال بہتر ہے اور حکومت تمام قرض وقت پر ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روپے کی قدر بھی مستحکم رہے گی۔
محمد اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلی بار چینی بانڈ مارکیٹ میں پانڈا بانڈ فروخت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ابتدائی طور پر 25 سے 30 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈ فروخت کر کے چینی بانڈ مارکیٹ سے فنڈنگ حاصل کرنے کا آغاز کرے گی۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ چینی کرنسی کے حامل پانڈابانڈز کے ذریعے پاکستان اپنے فنڈنگ کے ذرائع کو وسیع کرنے کے علاوہ سرمایہ کاری کی نئی مارکیٹوں تک رسائی کی کوشش کررہا ہے۔
محمد اورنگ زیب نے کہاکہ پانڈا بانڈز کا اجرا پہلے کرنا چاہیے تھا، چین دنیا بھرمیں بانڈز کے حوالے سے دوسری بڑی اوروسیع منڈی ہے۔
انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ پانڈا بانڈز کااجرا ملکی معیشت کے لیے درست قدم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سے قبل یوروبانڈز فروخت کے لیے پیش کرچکا ہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ ابتدائی طورپر250 سے 300 ملین ڈالرمالیت تک کے بانڈز فروخت کے لیے پیش ہوں گے جس کے بعد ان بانڈز کامزید اجرا ہوگا۔