آزاد کشمیر کے اکثر خاندان گرمیاں کن جنت نظیر جگہوں پر گزارتے ہیں؟

جمعہ 26 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر  کے دیہی علاقوں میں موسم گرما میں اکثر خاندان اپنے مال مویشی کے ہمراہ جنگلات کا رخ کرلیتے ہیں جہاں وہ 3 سے 4 ماہ گزار کر واپس  لوٹتے ہیں۔

یہ خاندان جن جگہوں پر گرمیوں کے کچھ ماہ گزارتے ہیں ان کو مقامی زبان میں ڈھوک، ماہلی یا بہک کہتے ہیں۔

مظفرآباد کے شمال میں واقع گاؤں چھکڑیاں بھیڈی کے  کئی خاندان بھی اپنے مال مویشی کے ہمراہ موسم گرما میں جنگل کا رخ کرتے ہیں۔ اس مقام کو کنڈی ماہلی کہتے ہیں۔ یہ ان کے گاؤں سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں پر مٹی اور لکڑی سے بنے 8 عارضی گھر تعمیر کیے گئے ہیں۔

اس مقام پر ہر طرف ہریالی ہے اور سر سبز درخت اور صاف و شفاف ٹھنڈے پانی کے چشمے ہیں۔ اس جگہ پر مقامی لوگوں کے مال مویشی چرتے  ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

جو خاندان عارضی طور پر منتقل ہوئے ہیں ان میں سلیمہ بی بی کا بھی خاندان ہے۔ انہوں نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہروں میں بہت گرمی ہوتی ہے اس لیے وہ لوگ یہاں آجاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کے باپ داد بھی گرمیوں میں یہیں آتے تھے اس لیے وہ بھی یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

سلیمہ بی بی نے  کہا کہ ان کے یہ کچے گھر برفباری میں تباہ ہوجاتے  ہیں  اور وہ  جب گرمیوں میں یہاں منتقل ہوتے ہیں تو گھروں کی  دوبارہ تعمیر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  یہاں آنے  والے راستے بہت خراب ہیں اور اگر کوئی بیمار ہو جائے تو اس کو اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے .

سلیمہ بی بی نے کہا کہ شہروں میں ہمارا گزارا نہیں ہوتا اس لیے ہم یہاں آتے ہیں اور جب تک زندہ ہیں آتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کو یاد ہے یہاں 2 شادیاں بھی ہوئی تھیں اور اس وقت ان کے  والد زندہ تھے۔ اب  بی بی کی خواہش یہ ہے کہ ان کے پوتے اور پوتیوں کی شادی بھی اسی جگہ پر ہو۔

میاں محمد شکیل جمالی بھی اپنے خاندان کے ہمراہ یہاں رہتے ہیں۔

شکیل جمالی نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ ان کے آباؤ اجداد بھی یہاں آتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہاں قدرتی ماحول ہے، صاف پانی ہے اور کوئی آلودگی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کے لوگ نسل در نسل یہاں آتے رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ان کی آنے والی نسلیں بھی یہاں آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے گھر لکڑی، مٹی اور پتھر کے بنے ہوتے ہیں اور گھر کے داخلی حصے میں لکڑی اس طرح لگائی جاتی ہے کہ ہوا کا گزر رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp