پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کی تقریب رونمائی کردی گئی، کپتان شان مسعود اور بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی۔ دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ہمراہ راولپنڈی اسٹیڈیم اور دامنِ کوہ میں ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔
A scenic view for the #PAKvBAN Test series trophy reveal 😍
Captains with the 🏆 at Daman-e-Koh, Islamabad ✨
Read more ➡️ https://t.co/zs0NCPQi6d#TestOnHai pic.twitter.com/PnotytZpLy
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 20, 2024
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دونوں کپتانوں کی تقریب میں شرکت کی ویڈیو شیئر کی۔ بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو اور کپتان شان مسعود کو دامن کوہ لے جایا گیا، پرفضا مقام پر دونوں کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔
مزید پڑھیں: ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پوزیشن بہتر کرنے کے لیے ہوم میچز جیتنا ہوں گے، شان مسعود
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ بطور ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے پاس بہترین فاسٹ بولرز ہیں۔ ہماری توجہ میچ میں 20 وکٹیں حاصل کرنے پر ہے۔
شان مسعود نے کہا کہ شاہین اور نسیم کے ساتھ محمد علی بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں، صائم ایوب نے اپنی آخری اننگز میں اچھی جھلک دکھائی تھی۔ اچھی کرکٹ کھیل کر ہماری ٹیم کے ساتھ شائقین بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کی اچھی سیریز رہی، پاکستان کے خلاف بھی اچھی سیریز ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان، کون اِن اور کون آؤٹ؟
واضح رہے دونوں ٹیموں کے درمیان 2ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں ہی 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔