مرحوم اداکار عرفان خان پردہ سیمیں پر آخری مرتبہ کب نظر آئیں گے؟

جمعرات 20 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے منجھے ہوئے اداکار مرحوم عرفان خان جنہوں نے ایک سے بڑھ کر ایک سپر ہٹ فلم کی ہے، وہ انتقال کے بعد بھی اپنی ایک اور نئی فلم میں جلوہ افروز ہوں گے۔

عرفان کو دنیائے فانی سے گزرے 3 برس بیت چکے ہیں لیکن ان کے مداح انہیں آج بھی نہیں بھول پائے ہیں اور ایسے ہی مداحوں کے لیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ عرفان خان ایک اور فلم میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے، گو یہ ان کا آخری جلوہ ہوگا۔

بولتی آنکھوں والے اپنے وقت کے بہترین اداکار عرفان خان کے انتقال سے بالی ووڈ میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے، ایسے میں اگر ان کی کوئی فلم ان کی موت کے 3 سال بعد ریلیز ہو تو ظاہر ہے کہ مداحوں کی خوشی کی کوئی حد نہیں رہے گی۔

عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے مرحوم اداکار کی فلم ’دی سانگ آف اسکارپیئنز‘ کا ٹریلر سوشل میڈیا پر شیئر کیا تو مداح اپنے پسندیدہ اداکار کو ایک بار پھر اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے تاب ہوگئے۔

 

فلم کے ٹریلر میں عرفان خان ہمیشہ کی طرح اپنی اداکاری سے شائقین کو سحر زدہ کرتے نظر آ رہے ہیں اور وہ ٹریلر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔

‘دی سانگ آف اسکارپیئنز’ کا ٹریلر بدھ کو میکرز کی جانب سے جاری کیا گیا۔ یہ فلم عرفان خان کی برسی سے عین ایک روز قبل ریلیز ہو رہی ہے۔

عرفان خان کا انتقال 29 اپریل 2020 کو ہوا تھا اور یہ فلم 28 اپریل سے سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

انوپ سنگھ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں عرفان خان کے مدِمقابل ایرانی اداکارہ گلشیفتہ فراہانی نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ فلم میں بالی ووڈ کی ویٹرن اداکارہ وحیدہ رحمان بھی اہم کردار میں جلوہ افروز ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp