غیرقانونی اسلحہ و منشیات برآمدگی کیسز: عزیر بلوچ مقدمے سے بری، زبیر بلوچ کی ضمانت منظور

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غیرقانونی اسلحہ برآمدگی اور سہولت کاری کے مقدمے میں عدالت نے کراچی گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کو بری کردیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ پولیس عزیر بلوچ کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی، عدالت نے حکم دیا کہ ملزم اگر کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو رہا کیا جائے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ سی آئی ڈی میں 2012 میں درج کیا گیا تھا جبکہ عزیر بلوچ کو 2012 میں اس کیس میں گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے: لیاری گینگ کے سرغنہ عزیر بلوچ تہرے قتل کے مقدمے سے بری

دوسری طرف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی میں درج ایک اور مقدمے میں عزیر بلوچ کے بھائی زبیر بلوچ کی منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت منظور ہوگئی ہے۔

سیشن عدالت نے زبیر بلوچ کو 25 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

وکیل کے مطابق زبیر پر کرسٹل منشیات رکھنے کا مقدمہ چاکیواڑہ تھانے میں درج ہے۔

اس سے قبل رواں سال جنوری میں کراچی کی ضلعی عدالت نے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کے قتل کے مقدمے میں لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کو بری کردیا تھا۔

عزیر بلوچ کیخلاف کراچی کے چاکیواڑہ تھانے میں 2009 میں درج مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: جیل میں قید لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی انوکھی فرمائش

عدالت نے قرار دیا کہ اگر ملزم عزیر بلوچ کسی اور مقدمے میں سزا یافتہ یا گرفتار نہیں تو انہیں رہا کردیا جائے۔

وکیل صفائی کے مطابق عزیر بلوچ کو گرفتار ملزمان کے بیان کی روشنی میں مقدمے میں شامل کیا تھا، کیس میں شریک دیگر ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp