’حجاج اللہ کے مہمان ہیں‘، وزیراعظم کا سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن کو خصوصی ہدایات

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی، جس میں رواں سال کے حج آپریشن اور عازمینِ حج کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور نے وزیراعظم کو حج آپریشن کی مجموعی پیش رفت، سفری انتظامات، رہائش، ٹرانسپورٹ اور سعودی عرب میں پاکستانی حج مشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے حکومت کا پاکستانی عازمین حج کے لیے سعودی عرب میں 35 جدید کلینکس قائم کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ عازمینِ حج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں اور ان کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی حج مشن حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے اور خدمات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پاکستان اور سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر عازمینِ حج کے لیے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ بزرگ شہریوں، خواتین اور دیگر حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیے مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمینِ حج کی آمد شروع، منظم استقبال اور بہتر انتظامات

انہوں نے مزید کہا کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات اور بروقت معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ مکمل اطمینان اور سہولت کے ساتھ اپنے مذہبی فرائض ادا کر سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp