شو چھوڑنے پر مجبور کیا گیا، پاکستان آئیڈل کے کنٹسٹنٹ کے ججز پر سنگین الزامات

بدھ 10 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سب سے بڑے موسیقی کے مقابلے پاکستان آئیڈل سیزن 2 کو جہاں ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، وہیں یہ شو مختلف تنازعات کا شکار بھی ہے۔ ابتدائی طور پر ججز پینل کو تنقید کا سامنا رہا اور اب شو ایک نئے تنازعے کی زد میں ہے جس کے مرکز میں ٹاپ 16 کنٹسٹنٹ ایم ابرار شاہد ہیں۔

ایم ابرار شاہد نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ انہوں نے شو سے خود کو الگ کیا ہے اور انہیں باہر نہیں نکالا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں شو میں منصفانہ موقع نہیں دیا گیا۔ ان کے مطابق ان کی آواز کو اس قدر آٹوٹیون کیا جا رہا تھا کہ وہ ان کی اصل آواز سے مشابہت نہیں رکھتی تھی جس پر انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا۔

ابرار شاہد کے مطابق انہیں متعدد کالز آئیں اور کہا گیا کہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دیں اور تنبیہ کی گئی کہ اگر وہ شو سے متعلق معاملات پر بات کریں گے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے تاہم انہوں نے اس کے باوجود اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے میں سچ بتاؤں گا۔ ان کا مزید دعویٰ ہے کہ ’شروع دن سے ہی مجھے شو میں رکھنے کا ارادہ نہیں تھا۔ ججز نے کئی اچھے کنٹسٹنٹس کو باہر کیا اور اب مجھے بھی نکالنے کی کوشش کی جا رہی تھی کیونکہ میں نے سچ بولا‘۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ ایک صارف نے کہا کہ ایگریمنٹ سائن ہوا ہے تو درمیان میں شو چھوڑنے سے آپ کے خلاف لیگل ایکشن لیا جانا بنتا ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ شو میں کتنے سفارشی گلوکار آئے ہیں جبکہ کئی صارفین نے انہیں اپنے گانے یوٹیوب پر اپلوڈ کرنے کا مشورہ دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp