راولپنڈی میں واقع پا ک فوج کے ہیڈ کوارٹر( جی ایچ کیو) پر دھاوا بولنے سے متعلق پی ٹی آئی کی سابق خواتین ایم پی ایز کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی۔
آڈیو میں تحریک انصاف کی سابق ایم پی اے فرح مختلف کارکنان کو ایم این اے کنول شوذب کا پیغام دے رہی ہیں۔ ایم پی اے فرح تحریک انصاف کی خصوصی کمیٹی کی ممبر سبرینا سے کہہ رہی ہیں کہ ’’نیٹ آف ہوا ہے سبرینا! میں نے تجھے کہا تھا، پھر شازیہ نے مجھے عقل دی کہ نیٹ زونگ کا چل رہا ہے نہ کوئی اور چل رہا ہے۔‘‘
ایم پی اے فرح سبرینا سے کہہ رہی ہیں کہ’’ جی ایچ کیو کی طرف جانا ہے جی ایچ کیو، میں تو نکل آئی ہوں کیوں کہ میم کنول نکلی ہوئی ہیں۔ میں نے تجھے صرف یہ بتانا تھا کہ فیض آباد وغیرہ میں آدمی جا رہے ہیں، جی ایچ کیو کی طرف میم کنول نے کہا ہے کہ آنا ہے۔ ‘‘
ایم پی اے فرح پی ٹی آئی کی ویمن ونگ کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فرخندہ سے کہہ رہی ہیں کہ ’’ لیاقت باغ والی جگہ پر اتنی بری شیلنگ ہو رہی ہے، پولیس اور لڑکوں کی لڑائی ہو رہی ہے۔ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ صدر جانے کا کوئی راستہ انہوں نے نہیں چھوڑا، انہوں نے سارے راستے بند کیے ہوئے ہیں، میں ایکسپریس وے بھی دیکھ آئی ہوں۔ یہ بھی دیکھ آئی ہوں، اب مجھے بتاؤ کیا کرنا ہے؟
فرح فرخندہ سے مزید کہہ رہی ہیں کہ ’ فیض آباد میں راشد حفیظ ہے، شفیق ہے اور سماویہ ہے، سماویہ کو دھکے مار مار کر واپس بھیج رہے ہیں مگر سماویہ ہیروئین بنی ہوئی ہے اور مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔‘‘