معروف پاکستانی ٹی وی اداکار آغا شیراز کو دل کا شدید دورہ پڑنے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جس کے باعث شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
اداکار کے اہلِ خانہ نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔ خاندان کے مطابق آغا شیراز کو سنگین قلبی پیچیدگیوں کے باعث اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے فوری طبی امداد فراہم کی۔ بروقت علاج کے بعد ان کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: برازیل اور ریئل میڈرڈ کے لیجنڈ فٹبالر روبرٹو کارلوس کو ہارٹ اٹیک، حالت اب کیسی ہے؟
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ آغا شیراز اس وقت خطرے سے باہر ہیں تاہم انہیں تاحال قریبی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں نے مکمل آرام اور مسلسل طبی دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے تاکہ صحت یابی کا عمل بہتر انداز میں مکمل ہو سکے۔
اداکار کی صحت سے متعلق تازہ اطلاعات ان کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اور ٹک ٹاک اکاؤنٹس کے ذریعے شیئر کی جا رہی ہیں، جن پر مداحوں، ساتھی فنکاروں اور شوبز شخصیات کی جانب سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ہارٹ اٹیک کیوں ہوا؟ اداکارہ صبا قمر نے اپنی بیماری کی وجہ بتادی
آغا شیراز نے بھی اپنے مداحوں کے لیے ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میں بہتر ہوں، مگر مجھے اب بھی آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔












