پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کی بحالی میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور بنگلا دیش کی بیمان ائیرلائن نے کراچی کے لیے اپنی پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کی سب سے بڑی ایئر لائن کا ڈھاکہ سے ریاض تک براہ راست پروازوں کا آغاز
کئی سال بعد بیمان ائیرلائن کی پہلی پرواز 29 جنوری کو ڈھاکا سے کراچی پہنچے گی۔ ابتدائی طور پر ڈھاکا اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ یاد رہے کہ بنگلادیش سے کراچی کے لیے آخری براہ راست پرواز 2012 میں آئی تھی۔
وی نیوز کے مطابق بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے اعلامیے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ پروازیں ہفتے میں دو دن، جمعرات اور ہفتہ کو آپریٹ کی جائیں گی۔

پروازوں کے شیڈول کے مطابق (مقامی وقت کے مطابق) ڈھاکہ سے کراچی کی پرواز رات 8 بجے روانہ ہو کر رات 11 بجے کراچی پہنچے گی، جبکہ کراچی سے ڈھاکہ کی پرواز رات 12 بجے روانہ ہو کر صبح 4 بج کر 20 منٹ پر ڈھاکہ پہنچے گی۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کی قومی ائیرلائن کو براہ راست کراچی پروازوں کی اجازت
ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے روٹ سے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان سفر مزید آسان ہو جائے گا اور اس سے تجارت، سیاحت اور خاندانی روابط کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جدید طیاروں اور تربیت یافتہ عملے کے ذریعے مسافروں کی حفاظت اور معیاری سروس کو یقینی بنایا جائے گا۔

مسافر ٹکٹوں کی بکنگ اور مزید معلومات کے لیے بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے سیلز دفاتر، مجاز ٹریول ایجنٹس، کال سینٹر (13636 / +88096109-13636) یا ایئرلائن کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔
بیمان ائیرلائن نے ڈھاکا سے کراچی کی پروازوں پر بکنگ کا آغاز کر دیا ہے اور ٹریول ایجنٹس کے مطابق ابتدائی پروازوں کی تمام نشستیں چند گھنٹوں میں مکمل بک ہو گئی ہیں۔ ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے عوام دونوں ملکوں کے درمیان فضائی رابطے کی بحالی پر کافی پرجوش ہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حکومتی ہدایات کے تحت چند روز قبل ہی بیمان ائیرلائن کو کراچی کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کی اجازت دی تھی، جبکہ پی آئی اے اور بیمان ائیر کے درمیان کارگو کی نقل و حمل کے لیے گزشتہ ماہ معاہدہ بھی طے پا چکا ہے۔













