سپریم کورٹ: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو لطیف کھوسہ کا خط

پیر 16 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر بانی پی ٹی آئی کی طبی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس فراہم کی جائیں اور ان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر عاصم کو معائنے کی اجازت دی جائے۔ مزید یہ کہ بانی پی ٹی آئی کو بہتر علاج کی غرض سے الشفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔

مزید پڑھیں: مخصوص ڈاکٹر کے معاملے پر پی ٹی آئی سپریم کورٹ جائے، حکومت مداخلت نہیں کرے گی، رانا ثنا اللہ

لطیف کھوسہ نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرتی ہوئی صحت اہلخانہ اور عوام کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بیماری کے دوران بھی انہیں بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا۔

خط کے مطابق عدالتی حکم پر طبی معائنہ تو کیا گیا، لیکن اہلخانہ کو اس سے لاعلم رکھا گیا۔ وکیل نے اس دعوے کو مسترد کیا کہ اہلخانہ اور پارٹی قیادت کو معائنے کے وقت بلایا گیا تھا مگر وہ نہیں آئے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے عمران خان کو بنی گالہ منتقلی کا حکم دیا تو حکومت اسے تسلیم کرے گی، رانا ثنااللہ

لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ اہلخانہ کو آگاہ کیے بغیر خفیہ طبی معائنہ کئی خدشات کو جنم دیتا ہے، اور طبی معاملے سے اہلخانہ کو باہر رکھنے سے بے چینی اور شکوک میں اضافہ ہو رہا ہے۔

خط میں عدالتِ عظمیٰ سے معاملے کا نوٹس لے کر شفاف طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp