آئینہ وزیر کی وائرل ویڈیو بنانے والے زعفران وزیر اغوا کے بعد رہا، علاقے میں پرتپاک استقبال

جمعہ 20 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شمالی وزیرستان میں کم عمر کرکٹر آئینہ وزیر کی وائرل ویڈیو بنانے والے نوجوان زعفران وزیر کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے لیے مقامی قبائلی عمائدین، ضلعی انتظامیہ اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کوششیں کی گئیں، جبکہ واپسی پر علاقے میں خوشی کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیرستان کی کم عمر کرکٹر آئینہ جو محنت کی پچ پر کامیابی کی اننگز کھیلنا چاہتی ہیں

نوجوان زعفران وزیر کو مبینہ طور پر نامعلوم مسلح افراد نے شمالی وزیرستان کے علاقے شیواہ سے اغوا کر لیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز دوپہر کے وقت مقامی طالبان انہیں اپنے ساتھ لے گئے تھے اور مطالبہ کیا تھا کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آئینہ وزیر کی کرکٹ ویڈیو پر عوامی معافی مانگیں۔ شدت پسند عناصر کی جانب سے اس ویڈیو کو ’غیر اخلاقی‘ قرار دیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد مقامی قبائلی مشران نے طالبان کے ساتھ مذاکرات شروع کیے جبکہ ضلعی انتظامیہ بھی متحرک رہی۔ ڈی پی او شمالی وزیرستان سجاد حسین کے مطابق واقعہ عصر کے بعد پیش آیا اور فوری طور پر پولیس اور مشران زعفران کی بازیابی کے لیے سرگرم ہو گئے تھے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ نوجوان کو جلد رہا کرا لیا جائے گا۔

رات کے وقت زعفران وزیر کا ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے ویڈیو بنانے پر معذرت کی۔ ویڈیو بیان کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ رہائی کی خبر سامنے آتے ہی علاقے میں خوشی کی فضا قائم ہوگئی۔ مقامی لوگوں نے زعفران وزیر کا استقبال کیا، انہیں ہار پہنائے گئے اور خوشی میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ بڑی تعداد میں علاقہ مکین ان کے استقبال کے لیے جمع ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا کی کمسن کرکٹر نے دھوم مچا دی، جاوید آفریدی کا زلمی ویمن لیگ میں شامل کرنے کا اعلان

ادھر سوشل میڈیا پر بھی زعفران وزیر کی رہائی کے لیے آواز اٹھائی گئی۔ انسانی حقوق کے کارکنان اور مختلف حلقوں نے کہا کہ انتہا پسندی ٹیلنٹ کو خاموش نہیں کر سکتی۔ بعض صارفین نے مالالہ فنڈ سمیت متعلقہ اداروں سے آئینہ وزیر کی تعلیم اور کھیل کے حق کے تحفظ کے لیے تعاون کی اپیل بھی کی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل شمالی وزیرستان کی کم عمر بچی آئینہ وزیر کی کرکٹ کھیلتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ بڑے اعتماد کے ساتھ بالنگ اور بیٹنگ کرتی دکھائی دیں۔ ویڈیو نے نہ صرف ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ نوجوانوں میں کھیل کے لیے حوصلہ بھی بڑھایا۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے آئینہ وزیر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ انہیں آئندہ زلمی ویمن لیگ میں شامل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ زلمی ویمن لیگ کا مقصد لڑکیوں کو کھیلنے، اظہارِ صلاحیت اور دوسروں کے لیے مثال بننے کا موقع فراہم کرنا ہے، اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو درست پلیٹ فارم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp