پشاور زلمی کی جانب سے وزیرستان کی آئینہ وزیر کے لیے خصوصی کِٹ، ویمن لیگ میں شمولیت اور تربیت کی یقین دہانی

پیر 23 فروری 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی نے وزیرستان سے تعلق رکھنے والی آئینہ وزیر نامی بچی کو کرکٹ کِٹ اور سامان ارسال کر دیا ہے اور ساتھ ہی بتایا ہے کہ بچی کی تربیت اور زلمی ویمن لیگ میں شمولیت کے لیے موقع فراہم کیا جائے گا۔

ترجمان زلمی فاؤنڈیشن نے بتایا کہ آئینہ وزیر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بچی کی صلاحیتوں کو سراہا تھا اور مواقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جاوید آفریدی کی ہدایت پر پشاور زلمی کی جانب سے خصوصی کِٹ اور سامان فراہم کر دیا گیا ہے، جس سے وہ اب کرکٹ پریکٹس کر سکیں گی۔

یہ بھی پڑھیے: آئینہ وزیر کی وائرل ویڈیو بنانے والے زعفران وزیر اغوا کے بعد رہا، علاقے میں پرتپاک استقبال

انہوں نے بتایا کہ آئینہ وزیر کو تربیت بھی دی جائے گی اور وہ زلمی ویمن لیگ کا حصہ ہوں گی۔

زلمی فاؤنڈیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جاوید آفریدی آئینہ وزیر کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے خواہاں ہیں اور فاؤنڈیشن کو اس حوالے سے ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بچی کے اہلِ خانہ سے بھی رابطہ ہے اور انہیں کوہاٹ یا پشاور منتقلی کے حوالے سے بھی بات ہو رہی ہے، تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ زلمی فاؤنڈیشن وزیرستان میں بچوں، خصوصاً بچیوں کے لیے ان کے آبائی گاؤں میں کرکٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت امن و امان کی صورتِ حال واضح نہیں ہے اور حکومتی اجازت کے بعد ہی وہ کچھ کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیرستان کی کم عمر کرکٹر آئینہ جو محنت کی پچ پر کامیابی کی اننگز کھیلنا چاہتی ہیں

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی ذمہ داری حکومت کی ہے اور حکومت سے اس حوالے سے بات کی جائے گی، اور اگر اجازت دی گئی تو آئینہ وزیر کے آبائی گاؤں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ مقامی ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے۔

خیبر پختونخوا آئینہ وزیر کے لیے کیا کر رہی ہے؟

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی آئینہ وزیر کی کرکٹ کھیلنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی صلاحیتوں کو سراہا جا رہا ہے جبکہ بچی کو سہولیات کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے مشیرِ کھیل خیبر پختونخوا سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم کوئی جواب نہیں آیا۔ البتہ محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے اور بچیوں کو سامنے لانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ تاہم جب آئینہ وزیر کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک صوبائی حکومت یا مشیرِ کھیل کی جانب سے کوئی ہدایات نہیں ملی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرستان میں امن و امان کا مسئلہ ہے اور بچیوں کے کھیل کے حوالے سے مقامی قبائل بھی مخالفت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کی جانب سے ہدایات ملیں تو محکمہ سہولیات کے ساتھ تربیت بھی فراہم کر سکتا ہے۔

آئینہ وزیر کون ہیں؟

آئینہ وزیر کا تعلق قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ سے ہے۔ ان کے والد فوت ہو چکے ہیں جبکہ بچی کو کرکٹ کھیلنے کا شوق ہے اور ان میں قدرتی صلاحیت بھی موجود ہے۔ آئینہ وزیر اس وقت مرکزی سطح پر مشہور ہوئیں جب ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی، جس میں وہ بولنگ کرتی نظر آتی ہیں۔ ویڈیو چند لمحوں میں وائرل ہو گئی، جس کے بعد پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بچی کی تربیت اور زلمی ویمن لیگ میں شمولیت کے موقع کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیے: شمالی وزیرستان: چھوٹی بچی کی کرکٹ ویڈیو بنانے پر صحافی اغوا، عوام کا خوارج کیخلاف کریک ڈاؤن کا مطالبہ

تاہم صورتِ حال اس وقت خراب ہوئی جب وزیرستان میں سرگرم دہشت گردوں نے آئینہ وزیر کی ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے مقامی نوجوان کو اغوا کر لیا۔ بعد ازاں مقامی قبائل کے عمائدین کی مداخلت اور مذاکرات کے بعد نوجوان کو اس شرط پر رہا کیا گیا کہ وہ ویڈیو پیغام میں معافی مانگے گا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ویڈیو بنانے والے نوجوان کے اغوا اور رہائی کے بعد بچی کے اہلِ خانہ بھی پریشان ہیں اور بچی کی سرگرمیاں محدود کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی قبائل نے اس معاملے کو حکومت کے سامنے بھی اٹھایا ہے اور سکیورٹی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp