اسپین نے کہا ہے کہ امریکا کو بین الاقوامی قانون اور یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تجارتی معاہدوں کا احترام کرنا چاہیے جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی کہ اگر اسپین نے ایران پر حملوں سے متعلق مشنز کے لیے امریکی فوج کو اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہ دی تو وہ تمام تجارتی تعلقات منقطع کر دیں گے۔
ہسپانوی حکومت نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ ’ہمیں امریکا کی ممکنہ تجارتی پابندیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ضروری وسائل حاصل ہیں‘، اور ساتھ ہی زور دیا کہ ’امریکا کو بین الاقوامی قانون اور یورپی یونین۔امریکا تجارتی معاہدوں کی پاسداری کرنی چاہیے‘۔
یہ بھی پڑھیے: اسپین میں رہائش اور کام کی اجازت ملنے پر غیرقانونی تارکین وطن کے تاثرات کیا ہیں؟
ہفتے کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے ان کارروائیوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’کوئی شخص ایک ناپسندیدہ نظام کی مخالفت کرتے ہوئے بھی غیر ضروری اور خطرناک فوجی مداخلت کی مخالفت کرسکتا ہے‘۔
ہسپانوی وزیر خارجہ خوسے مینوئل الباریس نے واضح کیا کہ اسپین کے فوجی اڈے، جو امریکا کے ساتھ مشترکہ طور پر چلائے جاتے ہیں لیکن ہسپانوی خودمختاری کے تحت ہیں، ایران پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہسپانوی اڈے اقوام متحدہ کے چارٹر اور امریکا کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے علاوہ کسی مقصد کے لیے استعمال نہیں ہوں گے‘۔
اس کے بعد امریکا نے جنوبی اسپین کے روٹا اور مورون فوجی اڈوں سے 15 طیارے، جن میں ایندھن بھرنے والے ٹینکر بھی شامل تھے، منتقل کر دیے۔
یہ بھی پڑھیے: رضا پہلوی کے بارے میں واضح نہیں کہ انہیں ایران میں حمایت حاصل ہے یا نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اسپین نے بہت برا رویہ اپنایا ہے‘ اور اپنے وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو ہدایت دی ہے کہ اسپین کے ساتھ تمام معاملات ختم کر دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسپین کے ساتھ تمام تجارت بند کر دیں گے۔
یاد رہے کہ اسپین اس سے قبل بھی ٹرمپ انتظامیہ سے اختلاف کرچکا ہے، جن میں اسرائیل کو اسلحہ لے جانے والے جہازوں کو بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہ دینا اور نیٹو کے دفاعی اخراجات کو مجموعی قومی پیداوار کے 5 فیصد تک بڑھانے کے مطالبے کو مسترد کرنا شامل ہے۔
امریکی اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں امریکا کو اسپین کے ساتھ تجارت میں 4.8 ارب ڈالر کا سرپلس حاصل رہا، جس میں امریکی برآمدات 26.1 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 21.3 ارب ڈالر رہیں۔














