وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی یقینی بنانا اور عوام پر ممکنہ حد تک بوجھ کم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور تیل کی مزید کھیپ بھی راستے میں ہے جس سے ذخائر مزید مستحکم ہوں گے۔
پیٹرولیم ذخائر اور سپلائی کی صورتحال
وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے ذخائر کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سپلائی میں کسی تعطل کا خدشہ نہیں اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
محمد اورنگزیب نے کہاکہ حکومت توانائی مارکیٹ پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی بروقت منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کے مؤثر رابطے کی بدولت سپلائی مستحکم ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ ذخائر کو مضبوط بنانے کے لیے اضافی درآمدی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور مزید کارگوز بھی جلد پہنچیں گے۔
ریفائنریز اور آئل کمپنیوں کے رابطے
اجلاس میں کمیٹی کو ہدایت دی گئی کہ ریفائنریز اور آئل کمپنیوں کے ساتھ قریبی رابطے قائم رکھے جائیں۔ اجلاس میں ڈیزل، پیٹرول، ایل پی جی اور جیٹ فیول کی سپلائی کا جائزہ لیا گیا اور تیل کے استعمال میں بچت کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
ڈیجیٹل نگرانی اور روزانہ اجلاس
اجلاس میں پیٹرولیم سپلائی کی مانیٹرنگ کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے بحران میں کمی کے امکانات روشن، متبادل ذرائع سے تیل آنا شروع
وفاقی وزیر خزانہ نے اعلان کیاکہ توانائی صورتحال پر کمیٹی کا روزانہ اجلاس جاری رہے گا تاکہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مستحکم فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔














