برکینا فاسو کا فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان

ہفتہ 27 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

افریقی ملک برکینا فاسو کی فوجی حکومت نے سابق نوآبادیاتی طاقت فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پیرس مسلسل ملکی مفادات کے خلاف اقدامات کر رہا ہے۔

برکینا فاسو کی حکمران فوجی حکومت نے فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے ہیں۔ فوجی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ 26 جون 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔

برکینا فاسو کی حکومت نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ فرانس نام نہاد نوآبادیاتی عزائم رکھتا ہے اور ایسے عناصر کی حمایت کر رہا ہے جو ملک اور خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں۔

فوجی حکومت کے مطابق سفارتی تعلقات کا خاتمہ دونوں ممالک کے درمیان صرف سرکاری اور سفارتی سطح کے روابط سے متعلق ہے، جبکہ برکینا فاسو اور فرانسیسی عوام کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سماجی تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

برکینا فاسو میں 2022 میں فوجی بغاوت کے بعد کیپٹن ابراہیم تراورے کی قیادت میں حکومت قائم ہوئی، جس نے مغربی ممالک بالخصوص فرانس کے ساتھ تعلقات میں نمایاں کمی کی پالیسی اپنائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ کی اے آئی پالیسی کینسل، مصنوعی ذہانت کا کونسا کارنامہ اس کی وجہ بنا؟

برکینا فاسو گزشتہ کئی برسوں سے القاعدہ اور داعش سے منسلک شدت پسند گروہوں کے حملوں کا سامنا کر رہا ہے، جس کے باعث ملک میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی خراب رہی ہے۔

فرانس کبھی افریقہ کے کئی ممالک میں مضبوط سیاسی اور فوجی اثر و رسوخ رکھتا تھا، تاہم حالیہ برسوں میں کئی افریقی ممالک میں فرانس مخالف جذبات میں اضافہ ہوا ہے اور روس و چین سمیت دیگر عالمی طاقتوں کا اثر بڑھ رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق برکینا فاسو کا یہ اقدام افریقہ میں بدلتے ہوئے سفارتی منظرنامے کی ایک اور علامت ہے جہاں سابق نوآبادیاتی تعلقات کی جگہ نئے عالمی شراکت دار ابھر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp