امریکی محکمہ دفاع نے عراق میں پیش آنے والے فضائی حادثے میں ہلاک ہونے والے امریکی فضائیہ کے 6 اہلکاروں کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حادثہ ایک ری فیولنگ طیارے کے گرنے سے پیش آیا جس میں سوار تمام اہلکار ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:عراق میں امریکی طیارہ گر کر تباہ، 6 اہلکار ہلاک ، سینٹکام کی تصدیق
رپورٹس کے مطابق حادثہ امریکی فضائیہ کے ری فیولنگ طیارے KC‑135 Stratotankerکو پیش آیا جو مغربی عراق کی فضائی حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔ واقعے میں جہاز میں موجود تمام چھ امریکی اہلکار ہلاک ہو گئے۔
امریکی حکام نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت میجر جان ’ایلیکس کلنر، کیپٹن آریانا ساوینو، کیپٹن سیٹھ کووال، کیپٹن کرٹس اینگسٹ، ٹیکنیکل سارجنٹ ایشلے پروئٹ اور ٹیکنیکل سارجنٹ ٹائلر سیمنزکے نام سے کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ طیارہ خطے میں جاری فوجی کارروائیوں کے دوران فضائی مشن پر تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے بتایا کہ حادثہ کسی دشمن حملے یا فائرنگ کے نتیجے میں نہیں ہوا جبکہ اس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
KC-135 اسٹریٹو ٹینکرامریکی فضائیہ کا ایک اہم فوجی طیارہ ہے جو جنگی طیاروں کو فضا میں ہی ایندھن فراہم کرتا ہے، جس سے ان کی پرواز کا دورانیہ اور کارروائیوں کی حد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ یہ طیارہ بعض اوقات کارگو اور طبی انخلا کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عراق: سابق صدر صدام حسین کے قریبی ساتھی کو پھانسی دے دی گئی
امریکی حکام کے مطابق اس حادثے کے بعد خطے میں جاری فوجی کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے امریکی اہلکاروں کی مجموعی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ حادثے کی مکمل رپورٹ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔














