سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے واضح کیا ہے کہ اگر سعودی عرب کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو کسی بھی قسم کا خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان ہمیشہ مملکت کی مدد کے لیے تیار رہے گا۔ یہ مؤقف پاکستانی خارجہ پالیسی کا ایک اصولی نقطہ رہا ہے اور حالیہ خطے میں کشیدگی کے پیش نظر اس کی اہمیت دوبالا ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:2025 پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے لیے تاریخی سال ثابت ہوا: پاکستانی سفیر احمد فاروق
امریکی اور اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں ایران کی جانب سے خلیجی ممالک اور اسرائیل میں فوجی تنصیبات پر جوابی کارروائیاں جاری ہیں، جس کی زد میں سعودی عرب بھی آیا ہے۔ اس پس منظر میں پاکستان کی قیادت نے برادر ملک پر حملوں کی شدید مذمت کی اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 12 مارچ کو سعودی عرب کا دورہ بھی کیا تھا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔ سفیر احمد فاروق نے عرب نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد خطے کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال اور علاقائی تناؤ کو کم کرنے کے اقدامات پر بات کرنا تھا۔

پاکستانی سفیر کے مطابق دورے کے دوران پاکستان نے اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور سعودی قیادت کے ساتھ باہمی تعاون اور دفاعی معاہدے کے تحت تعلقات کو مزید مضبوط بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت متحرک رہی اور سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
احمد فاروق نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعے کا حل صرف مذاکرات اور مکالمے کے ذریعے ممکن ہے، اور تمام متعلقہ ممالک کو اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت نے اس تنازعے کے آغاز سے ہی مربوط حکمت عملی اختیار کی ہے اور خطے کے استحکام کے لیے سعودی عرب سمیت تمام ممالک سے تعاون کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں، وزیر مذہبی امور سردار یوسف
سفیر نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بھی اطمینان دلایا کہ حالات مستحکم ہیں، بازار کھلے ہیں اور اشیائے خوردونوش کی کوئی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے شہریوں سے مقامی قوانین اور سوشل میڈیا کے ضوابط کی پابندی کرنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی قسم کا خوف پیدا نہ ہو۔













