پاکستان میں پولیو کے خلاف جاری مہم کے مثبت نتائج، رواں سال صرف ایک کیس رپورٹ ہوا

بدھ 25 مارچ 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں پولیو کے خلاف جاری مہم کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں اور رواں سال اب تک ملک میں پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، جسے حکام بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

قومی انسداد پولیو پروگرام کے قومی رابطہ کار کیپٹن ریٹائرڈ انوارالحق نے بتایا کہ مؤثر حفاظتی مہم کے باعث ملک بھر میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی آئی ہے اور وائرس اب محدود علاقوں تک رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال سامنے آنے والا واحد کیس ضلع سجاول سے رپورٹ ہوا، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں واضح کمی کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2026 کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا، ویکسینیشن کے باوجود وائرس کی گردش جاری

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 2020 کے دوران 74 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو اسی سال ستمبر تک کم ہوکر 13 رہ گئے تھے، جبکہ 2022 میں مجموعی طور پر 31 کیسز سامنے آئے جن میں زیادہ تر خیبر پختونخوا سے تعلق رکھتے تھے۔

کیپٹن ریٹائرڈ انوارالحق کے مطابق اب پولیو وائرس کی موجودگی ماحولیاتی نمونوں میں صرف 15 اضلاع تک محدود رہ گئی ہے، جبکہ ماضی میں یہ وائرس 87 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پایا جاتا تھا، جو انسداد اقدامات کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وائرس کی نگرانی کے لیے ملک بھر میں 127 ماحولیاتی نمونہ مراکز فعال ہیں۔

صوبائی سطح پر پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب تقریباً مکمل طور پر پولیو سے پاک ہو چکا ہے اور صرف لاہور کے ایک مقام پر وائرس کے آثار موجود ہیں۔ بلوچستان میں کوئٹہ اور ڈیرہ بگٹی کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس پایا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے صرف 2 جنوبی اضلاع میں اس کے نشانات باقی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چاروں صوبوں کے 22 اضلاع سے حاصل کردہ سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کے 9 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی سامنے آئی ہے جبکہ کراچی میں نگرانی کے 12 مقامات میں سے صرف 4 پر وائرس کے آثار ملے ہیں۔

حکام کے مطابق ملک گیر حفاظتی ٹیکہ مہمات، بہتر نگرانی کے نظام اور مؤثر حکمت عملی کے باعث وائرس کے پھیلاؤ اور شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

انوارالحق نے کہا کہ پاکستان کو پولیو سے مکمل پاک قرار دینے کے لیے مسلسل 3 برس تک ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باقی ماندہ علاقوں میں بھی وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے ویکسینیشن مہم اور نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیسز اور متاثرہ اضلاع میں نمایاں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کی جانب درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، تاہم وائرس کے مکمل خاتمے تک مسلسل کوششیں ناگزیر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp