پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے 20ویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے پہلی فتح کا ذائقہ چکھ لیا۔ نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں حیدرآباد نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی جیت کا کھاتہ کھول لیا۔
نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے اس میچ میں حیدرآباد کے کپتان مارنس لبوشین نے ٹاس جیت کر ہوم ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2026، پشاور زلمی کی قلندرز پر دھاک، یکطرفہ مقابلے کے بعد 76 رنز سے شکست
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔
کراچی کی جانب سے نوجوان بیٹر سعد بیگ نے 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان معین علی نے صرف 16 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 44 رنز کی جارحانہ باری کھیل کر مجموعے کو بلندی تک پہنچایا۔
حیدرآباد کی جانب سے حنین شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159رنز سے شکست دے دی
189 رنز کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز مین کا آغاز کسی حد تک بہتر رہا۔ صائم ایوب نے 67 رنز بنا کر جیت کی بنیاد رکھی، تاہم مڈل آرڈر میں وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
ایک وقت میں میچ کراچی کنگز کے پلڑے میں جاتا دکھائی دے رہا تھا لیکن آخری لمحات میں عرفان خان اور حسن خان نے دھواں دھار بیٹنگ کر کے بازی پلٹ دی۔
حسن خان نے صرف 16 گیندوں پر 206 کے اسٹرائیک ریٹ سے 33 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 19.1 اوورز میں فتح دلا دی۔ عرفان خان 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159رنز سے شکست دے دی
کراچی کنگز کے عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں مگر وہ اپنی ٹیم کو مسلسل دوسری شکست سے نہ بچا سکے۔ حیدرآباد کی اس جیت نے ٹورنامنٹ میں پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔














