پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز (پی پی پی) کے جنرل سیکریٹری نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، اور مستقل امن کے لیے پاکستان کے تاریخی کردار کا اعتراف ملک کے لیے اعزاز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا مذاکرات کی بحالی کا امکان، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی
نیر حسین بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ مذاکرات پاکستان کے پرخلوص کردار پر اعتماد کا مظہر ہیں، جبکہ جنگ بندی میں توسیع نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے لیے بڑی کامیابی ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امن کی کاوشیں انسانیت کی بقا کے لیے امید کا پیغام ہیں، اور طاقت کے استعمال کے بجائے مکالمے کو ترجیح دینا عالمی سطح پر نئے امکانات کی نوید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر اپنی حیثیت کو مؤثر انداز میں منوایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران مذاکرات کے اگلے دور کے لیے فریقین کا اسلام آباد پہنچنے کا امکان، غیر ملکی میڈیا
نیر بخاری نے مزید کہا کہ صدر مملکت، فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور حکومتی اتحادی قائدین کی بصیرت اور تدبر کے باعث پاکستان عالمی سطح پر ایک مؤثر ثالث کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ایران اور امریکا کی جانب سے پاکستان میں دوبارہ مذاکرات کے عندیے کو انہوں نے خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ باہمی مذاکرات سے مسائل کے حل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، اور دونوں فریقین کے درمیان امن معاہدے کی جانب پیش رفت سے دنیا خصوصاً مشرق وسطیٰ میں استحکام آئے گا، جس کے عالمی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔













