اسلام آباد میں رواں ماہ یورپی یونین کے پہلے اعلیٰ سطح پاک یورپی یونین بزنس فورم کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جو فریقین کے تعلقات کو تجارت سے آگے بڑھا کر سرمایہ کاری پر مبنی شراکت داری کی جانب لے جانے کی اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے۔
28 اور 29 اپریل کو منعقد ہونے والے اس فورم میں پالیسی سازوں، یورپی اور پاکستانی کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ حکام کے مطابق یہ تقریب دو طرفہ اقتصادی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:اسحاق ڈار کی یورپی یونین خارجہ امور کی نمائندے سے ٹیلی فونک گفتگو، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
یورپی یونین پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہونے کے ساتھ ساتھ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا بھی ایک بڑا ذریعہ ہے، تاہم اب دونوں جانب سے تعلقات کو مزید وسعت دیتے ہوئے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی شراکت داری اور صنعتی تعاون پر توجہ دی جا رہی ہے۔
فورم میں زرعی کاروبار، ڈیجیٹل جدت اور فن ٹیک، گرین لاجسٹکس، ٹیکسٹائل و ملبوسات اور ذمہ دارانہ کان کنی جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
Following the escalation between Pakistan and India last week, the Pakistan and European Union Business Forum, scheduled to be held in Islamabad this week, has been postponed.https://t.co/mcFNhpMAxC
— Mehtab Haider (@haider_mehtab) May 12, 2025
یہ شعبے پاکستان کی معاشی تبدیلی کے ایجنڈے اور یورپی یونین کے 400 ارب یورو کے ’گلوبل گیٹ وے‘ پروگرام سے ہم آہنگ ہیں، جس کا مقصد عالمی رابطوں اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
اس وقت 300 سے زائد یورپی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں، جو روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عالمی ویلیو چینز میں انضمام میں کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ فورم کے دوران مزید سرمایہ کاروں کی دلچسپی متوقع ہے۔
پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے کہا کہ اس فورم کا مقصد نجی شعبے کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور پاکستان کو زیادہ مسابقتی اور پائیدار معیشت کی جانب منتقل کرنے میں مدد دینا ہے۔
2 روزہ ایونٹ کے دوران 600 سے زائد بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جہاں سرمایہ کاروں اور یورپی مالیاتی اداروں کے درمیان براہ راست روابط قائم کیے جائیں گے تاکہ عملی معاہدوں کو فروغ دیا جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام بدلتی ہوئی عالمی سپلائی چینز کے تناظر میں پاکستان کو ایک پرکشش سرمایہ کاری مرکز کے طور پر پیش کرنے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جبکہ یورپی معیارِ حکمرانی، شفافیت اور پائیداری کو اپناتے ہوئے طویل المدتی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا بھی اس کا اہم ہدف ہے۔














