خاتون کراٹے کھلاڑی آرزو حیدر علی ٹریفک حادثے میں جاں بحق

جمعرات 23 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور صوبہ بلوچستان کا نام روشن کرنے والی باصلاحیت خاتون کراٹے کھلاڑی آرزو حیدر علی گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی پہلی خاتون ورلڈ باکسنگ چیمپیئن عالیہ سومرو اگست میں بھارتی حریف کے مدمقابل ہوں گی

رپورٹس کے مطابق حادثہ 20 اپریل کو اس وقت پیش آیا جب آرزو اپنی ایک ساتھی کھلاڑی کے ہمراہ اسکوٹی پر ہزارہ ٹاؤن سے ایوب اسٹیڈیم جا رہی تھیں تاکہ کراٹے چیمپیئن شپ میں شرکت کر سکیں۔ سی پیک چوک کے قریب اسپنی روڈ پر زیرِ تعمیر کام کے باعث موجود ملبے کی وجہ سے اسکوٹی پھسل گئی جس کے نتیجے میں وہ سڑک کنارے فٹ پاتھ پر جا گریں۔

حادثے میں شدید زخمی ہونے پر انہیں فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 2 روز تک انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج رہیں، تاہم جانبر نہ ہو سکیں۔

آرزو حیدر علی ایک باصلاحیت اور محنتی کھلاڑی تھیں جنہوں نے قومی سطح پر کراٹے مقابلوں میں گولڈ اور سلور میڈلز جیت کر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کے انتقال سے کھیلوں کے حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ساہیوال کا 9 سالہ حذیفہ انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت گیا

اس افسوسناک واقعے نے شہر میں سڑکوں کی خستہ حالی اور تعمیراتی ملبے کے باعث شہریوں کو درپیش خطرات کے حوالے سے بھی سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp