وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی خودداری، عزت اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتا قبول نہیں کرے گی، جبکہ ملک کو عالمی سطح پر اعتماد اور احترام حاصل ہوا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، اور پوری قوم دفاع وطن کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان نے پہلگام واقعے پر بھارت کا بے بنیاد پروپیگنڈا ایک بار پھر مسترد کردیا
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی مانند کردار ادا کر رہا ہے اور اس جنگ میں مسلسل قربانیاں دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض دہشت گرد گروہوں کے روابط بھارت سے جا ملتے ہیں، جو خطے میں بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ معرکۂ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر پاکستان نے اپنی قوت کا اظہار کیا، جبکہ عسکری قیادت نے ملکی دفاع کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال قبل کاکول میں وزیراعظم نے پہلگام واقعے پر دوٹوک اور واضح مؤقف اختیار کیا، جو سفارتی سطح پر ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: پہلگام کا ایک سال: کانگریس کی نریندر مودی کی پالیسیوں پر شدید تنقید، خارجہ پالیسی ناکام قرار
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان نے پہلگام واقعے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور شفاف، غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اصولی مؤقف کے بعد بھارت دفاعی پوزیشن میں چلا گیا جبکہ کئی ممالک نے پاکستانی نقطۂ نظر کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا سچ واضح انداز میں سامنے آیا، جبکہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور من گھڑت بیانیے کو پذیرائی نہ مل سکی۔ عطا تارڑ کے مطابق کاکول میں وزیراعظم کا خطاب مستقبل میں ایک اہم تاریخی حوالہ سمجھا جائے گا۔












