ڈیجیٹل ڈکیتی: ایک کلک آپ کو کنگال کر سکتا ہے، کراچی کے شہری نے ہیکرز کو کیسے مات دی؟

پیر 27 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں جہاں ڈیجیٹل بینکنگ زندگی کو آسان بنا رہی ہے، وہیں یہ شہریوں کے لیے ایک خاموش جال بھی بنتی جا رہی ہے۔ سائبر جعلسازوں نے اب عام شہریوں کو لوٹنے کے لیے ایسے نفسیاتی حربے استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں کہ پڑھے لکھے لوگ بھی چکرا کر رہ جائیں۔ لیکن کراچی کے ایک شہری نے اپنی حاضر دماغی سے نہ صرف لاکھوں روپے بچا لیے بلکہ ہیکرز کے لیے ایک نئی رکاوٹ بھی کھڑی کردی۔

ٹی سی ایس کے نام پر دھوکہ: ہیکرز کو آپ کی معلومات کیسے ملیں؟

کراچی کے رہائشی مدثر غفور کو عائشہ نامی خاتون کی کال موصول ہوئی جس نے خود کو ٹی سی ایس ہیڈ آفس کی نمائندہ ظاہر کیا۔ حیرت انگیز بات یہ تھی کہ اسے معلوم تھا کہ مدثر کو ایک مخصوص ادارے سے خط موصول ہونا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی اے نے جعلی کالز و ایس ایم ایس کے حوالے سے شہریوں کو خبردار کردیا

مدثر نے بتایا کہ مجھے علم تھا کہ میرا ٹی سی ایس آنے والا ہے، اسی لیے میں نے بات سنی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایسے لوگ اب محض اندھیرے میں تیر نہیں چلاتے، بلکہ وہ آپ کی ممکنہ سرگرمیوں پر نظر رکھ کر وار کرتے ہیں۔

جب ٹیکنالوجی نے ساتھ دیا

مدثر کو واٹس ایپ پر ایک اسکرین شاٹ بھیجا گیا اور اسے کنفرم کرنے کا کہا گیا۔ جیسے ہی انہوں نے پیغام کھولا، ان کے موبائل سافٹ ویئر نے سکیم الرٹ جاری کیا۔ اس دوران ان کا واٹس ایپ دوسرے اکاؤنٹ پر منتقل ہونے کی کوشش کررہا تھا۔

فوری حل، موبائل بند کریں، ڈیٹا بچائیں

سائبر سیکیورٹی کے بنیادی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مدثر نے وہ کام کیا جو اس وقت سب سے اہم تھا، ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو ذرا بھی شک ہو کہ آپ کا فون ہیک ہو رہا ہے یا کوئی مشکوک ٹرانزیکشن شروع ہو گئی ہے، تو بحث کرنے یا کال کاٹنے کے بجائے فوری طور پر اپنا فون بند کر دیں یا انٹرنیٹ ڈس کنیکٹ کردیں۔ اس سے ہیکر کا آپ کے سسٹم سے رابطہ ٹوٹ جاتا ہے اور وہ عمل مکمل نہیں کر پاتا۔

مزید پڑھیں: ’وہ پارسل کی کال نہیں بلکہ ایک بہت بڑی مشکل کی دستک تھی’

تحقیقاتی اداروں کی بے بسی یا مجرموں کی چالاکی؟

ایف آئی اے سائبر سیل کے مطابق یہ گروہ انٹرنیٹ کالز اور دوسروں کے نام پر رجسٹرڈ سمیں استعمال کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا سراغ لگانا مشکل ہو جاتا ہے۔ کبھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا لالچ اور کبھی بینک اکاؤنٹ بلاک ہونے کا خوف، یہ لوگ صرف ٹیکنالوجی نہیں بلکہ انسانی نفسیات سے کھیلتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp