اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کے تبادلوں پر پی ٹی آئی کا سخت ردعمل

منگل 28 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کے تبادلوں کے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر منصفانہ اور عدلیہ پر انتظامی دباؤ قرار دیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں شرکت کا بھی اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں گوہر علی خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان آج 4 الگ الگ نشستوں میں ان ججوں کے تبادلوں پر غور کر رہا ہے، جو گزشتہ 50 برسوں میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کیونکہ اس سے قبل کسی بھی ہائیکورٹ کے جج کو اس کی رضامندی کے بغیر دوسرے ہائیکورٹ منتقل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے اس اقدام کو من مانی، غیر شفاف اور سزا دینے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عدلیہ پر انتظامیہ کے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا سوال تھا کہ آخر صرف اسی ہائیکورٹ کے 5 ججوں کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ ججوں کے تبادلوں کی سمری واپس لی جائے تاکہ پہلے سے دباؤ کا شکار عدلیہ کو آزادانہ طور پر اپنے فرائض انجام دینے کا موقع مل سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق جوڈیشل کمیشن میں اپوزیشن کے دونوں نمائندے، یعنی وہ خود اور علی ظفر، آج کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp