پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے ملک کے مختلف حصوں میں 2 مئی سے شدید موسمی صورتحال کی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ کشیدگی اور موسمیاتی تبدیلی ‘ایل نینو’ کے اثرات، چاول کی عالمی سپلائی شدید خطرات سے دوچار
محکمہ موسمیات کے مطابق 2 مئی کی شام سے شمال مغربی علاقوں میں ایک نئی مغربی ہواوں کا سلسلہ داخل ہوگا جو 5 مئی کی صبح تک بالائی علاقوں کو متاثر کرتا رہے گا۔
اس دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرد آلود آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ شدید گرمی کی لہر میں کمی آنے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہونے کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا اس موسمی نظام سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا جہاں چترال، سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت کئی علاقوں میں گرد آلود آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں بھی اثرات
اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں بشمول راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور دیگر علاقوں میں بھی 2 سے 4 مئی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
دیگر علاقوں کی صورتحال
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 2 مئی کی رات سے 5 مئی تک بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
مزید پڑھیے: ملک بھر میں موسم نے کروٹ بدل لی، پہاڑی علاقوں میں بارش جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی میں اضافہ
بلوچستان کے کئی علاقوں بشمول کوئٹہ، ژوب، چمن اور لورالائی میں بھی 2 سے 4 مئی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ کے بالائی علاقوں میں بھی 2 اور 3 مئی کو گرد آلود آندھی چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ممکنہ خطرات
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں خصوصاً 3 اور 4 مئی کو لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
موسمیاتی رجحان
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 2026 کے مون سون سیزن (جون تا ستمبر) کے دوران خطے میں ایل نینو حالات کے پیدا ہونے کا امکان بھی ہے جس کی عالمی ماہرین کی جانب سے تصدیق ہو رہی ہے۔
خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کا الرٹ
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں 2 مئی سے 4 مئی کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران صوبے کے بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: پولن اور موسمی الرجی سے نمٹنے کے مؤثر طریقے
اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی تیز بارشوں اور آندھی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ممکنہ خطرات
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے دوران کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انتظامیہ کو ہدایات
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو ٹیموں کی تیاری، وسائل کی دستیابی، اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: موسمیاتی تبدیلی ایل نینو کی وسط 2026 میں فعال ہونے کا امکان، اقوامِ متحدہ کا انتباہ
مزید کہا گیا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ اربن فلڈنگ کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی صورتحال سے آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
عوام کے لیے ہدایات
پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران ندی نالوں، سیلابی پانی اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔
مزید پڑھیں: اپریل کی تاریخی برفباری: ماسکو اور امریکا میں ریکارڈ توڑ طوفان
ادارے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں عوام 1700 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔














