پاکستان نے برطانوی نمائندے کے بیان کو زمینی حقائق کے منافی قرار دے دیا

ہفتہ 2 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے افغانستان سے متعلق برطانوی خصوصی نمائندے کے سوشل میڈیا بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے تبصرے زمینی حقائق کو سمجھے بغیر کیے گئے ہیں اور خطے کی صورتحال کی درست عکاسی نہیں کرتے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی نمائندے کے ریمارکس میں پاک افغان سرحدی حالات کی گہری سمجھ کا فقدان نظر آتا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ افغان سرزمین سے دہشتگردی اور دراندازی کی کوششیں مسلسل جاری ہیں، جو پاکستان کی جانب سے مارچ 2026 میں کیے گئے عارضی جنگ بندی کے اقدام کے باوجود نہیں رکیں۔

بیان میں کہا گیا کہ افغان طالبان سے منسلک عناصر اور ان کے حمایت یافتہ گروہوں کی جانب سے پاکستان میں حملوں کے نتیجے میں درجنوں شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مؤثر کارروائیاں کیں اور دہشتگرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جبکہ متعدد دراندازی کی کوششیں بھی ناکام بنائیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان پر شہری ہلاکتوں کے الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کے حق میں کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشتگردی کے اصل اسباب کو نظرانداز کرتے ہوئے ایسے بیانات دینا متوازن اور معروضی مؤقف نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک افغان سرحد پر دراندازی کی 2 کوششیں ناکام، 13 شدت پسند ہلاک

بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ خطے کی صورتحال، پاکستان کے اصولی مؤقف اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی بے مثال قربانیوں کو مدنظر رکھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp