نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بہتر پیداوار کے باعث ملک میں چینی کی وافر فراہمی یقینی ہوگی جس سے مقامی طلب پوری کرنا ممکن ہوگا۔
اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جاری کرشنگ سیزن کے اختتام پر چینی کی پیداوار کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں چینی کا کوئی بحران نہیں، قیمتوں میں اضافہ ذخیرہ اندوزی کا نتیجہ ہے، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار
اجلاس کے دوران اسحاق ڈار نے چینی کی موجودہ سیزن میں پیداوار کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بہتر پیداوار کے باعث ملک میں چینی کی وافر فراہمی یقینی ہوگی جس سے نہ صرف مقامی طلب پوری ہوگی بلکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کے دکانداروں کو چینی خریدنے میں مشکلات کا سامنا کیوں؟
اجلاس میں متعلقہ اداروں کی جانب سے چینی کی پیداوار، ذخائر اور مارکیٹ میں دستیابی سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ آئندہ کے لیے سپلائی کو مستحکم رکھنے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ سمیت وزارت صنعت، تجارت اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔













