ٹک ٹاکر جنت مرزا کو فلم میں کاسٹ کرنا ’تباہ کن فیصلہ‘ تھا، سید نور نے یہ بات کیوں کہی؟

جمعرات 7 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف پاکستانی فلم ساز سید نور کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنا ان کے لیے ’تباہ کن فیصلہ‘ ثابت ہوا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سید نور نے اپنی فلم تیرے باجرے دی راکھی کی باکس آفس پر ناکامی سے متعلق کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلم انتہائی محنت سے تیار کی گئی تھی تاہم شائقین سینما گھروں تک نہیں آئے۔

سید نور کے مطابق ناظرین یہ سمجھتے تھے کہ جنت مرزا کو وہ ٹک ٹاک پر باآسانی دیکھ لیتے ہیں تو انہیں دیکھنے کے لیے سنیما جانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں فلمی ستاروں کی ایک مضبوط فین فالوونگ ہوا کرتی تھی اور لوگ اپنی پسندیدہ شخصیات کی فلموں کا بے صبری سے انتظار کرتے تھے۔ ان کے بقول اگر وحید مراد، ندیم یا جاوید شیخ کی فلم ریلیز ہوتی تو شائقین خصوصی طور پر سنیما کا رخ کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: صرف 30 لاکھ روپے میں ’سادگی‘ سے شادی، جنت مرزا کی بہن نے اہم اعلان کردیا

فلم ساز نے موجودہ دور کے اداکاروں کے حوالے سے کہا کہ اب وہ فین فالوونگ باقی نہیں رہی جس کے باعث لوگ کسی فلم کا شدت سے انتظار کریں۔ ان کے مطابق آج کل فلموں کی کامیابی زیادہ تر ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ہونے والی پروموشن پر منحصر ہو چکی ہے۔

سید نور نے پاکستانی سینما انڈسٹری کے زوال پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں خواتین بھی فلموں میں اداکاراؤں کے ملبوسات اور انداز دیکھنے کے لیے سینما جات کا رخ کرتی تھیں مگر اب سینما ہال پہلے کی نسبت ویران دکھائی دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنت مرزا نے سنیما کے مقابلے میں ٹک ٹاک کا انتخاب کیوں کیا؟

واضح رہے کہ تیرے باجرے دی راکھی عیدالفطر 2022 کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی۔ فلم میں جنت مرزا اور عبداللہ خان نے مرکزی کردار ادا کیے، جبکہ دیگر کاسٹ میں صائمہ نور، مصطفیٰ قریشی، بابر علی اور افتخار ٹھاکر شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp