بلوچستان کے ضلع چاغی میں دالبندین کے قریب جمعہ کی رات ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر کار اور گیس باؤزر میں آمنے سامنے ٹکر ہو گئی۔ ڈی ایس پی چاغی عابد شیرزئی کے مطابق ابتدائی طور پر بڑی گاڑی کو کوئٹہ سے تفتان جانے والا ٹرک بتایا گیا تھا، تاہم بعد میں اسے گیس باؤزر قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:جھل مگسی: ایم ایٹ شاہراہ پر مسافر کوچ الٹ گئی، 7 افراد جاں بحق، 22 زخمی
حکام کا کہنا ہے کہ کار میں تقریباً 15 افراد سوار تھے اور گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد موجود تھے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ متعدد افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ کئی شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو دالبندین کے پرنس فہد اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال حکام کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے گیس باؤزر کے ڈرائیور کو حراست میں لے کر حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ادھر سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی اس افسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران ٹریفک حادثہ: 28 پاکستانی زائرین کی میتیں سی 130 طیارے کے ذریعے آج سکھر لائی جائیں گی
یاد رہے کہ جنوری 2026 میں بھی اسی علاقے کے قریب ایک اور بڑا ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 7 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ ماہرین کے مطابق اس روٹ پر تیز رفتاری، خطرناک ڈرائیونگ اور سڑکوں کی خراب صورتحال حادثات کی بڑی وجوہات ہیں۔














