پنجاب کابینہ کے بڑے فیصلے: کچے سے چولستان تک ترقیاتی منصوبوں، کسان پیکیج اور عوامی ریلیف کی منظوری

پیر 11 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 34واں اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں، کسانوں کے ریلیف، صنعت کاری، ماحولیاتی بہتری اور عوامی فلاح سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

مزید پڑھیں: لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان روانہ

کابینہ نے معرکہِ حق کی پہلی سالگرہ پر نواز شریف، شہباز شریف، سید عاصم منیر، فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ کچے کے علاقے میں کامیاب کارروائی پر وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔

کابینہ نے چولستان اور کچے کے علاقوں کے شہریوں کے لیے آسان شرائط پر ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی۔ منصوبے کے لیے 30 ہزار لاٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے جبکہ اب تک قریباً 2 لاکھ خاندان درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔ وزیرِاعلیٰ نے منصوبے کی سخت ڈیجیٹل نگرانی اور شہریوں کو تمام معلومات ایک کلک پر فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں 22 مئی سے 24 اگست تک اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کی منظوری بھی دی گئی۔

پنجاب جنرل انشورنس کمپنی کے قیام کی باضابطہ منظوری دی گئی جبکہ وزیرِاعلیٰ نے تیز رفتار عملدرآمد پر وزیرِ خزانہ اور سیکریٹری خزانہ کی کارکردگی کو سراہا۔

اجلاس میں قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں مزید 200 ایکڑ توسیع، ایکسل لوڈ مینجمنٹ نظام، مری گلاس ٹرین منصوبہ، جدید صوبائی ٹریفک مینجمنٹ اینڈ کمانڈ سینٹر اور ایکوا کلچر اتھارٹی آف پنجاب کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے پوٹھوہار میں زرعی تبدیلی کے منصوبے، سیلاب سے بچاؤ، رود کوہی منصوبوں، کسانوں کے لیے کموڈٹی ٹریڈنگ نظام، شرمپ اسٹیٹ، اسپیشل اکنامک زونز، گارمنٹ سٹی، صنعتی زونز اور نئی توانائی گاڑی پالیسی سمیت متعدد منصوبوں کی منظوری دی۔

اجلاس میں پنجاب آٹزم اسکول اینڈ ریسورس سینٹر ترمیمی قانون، انسدادِ سماجی سرگرمیاں قانون، انسداد دہشتگردی قانون میں ترمیم، سوسائٹیز رجسٹریشن قانون، اسٹیمپ قانون اور دیگر اہم قانونی ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔

مزید پڑھیں:  لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان روانہ

وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جو بھی پنجاب میں صنعت لگانا چاہتا ہے، حکومت اسے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صنعتوں کے لیے این او سی اور دیگر منظوریوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اخراجات کی پیشگی منظوری کے بغیر بل بھیجنے کی روایت قبول نہیں کی جائے گی، جبکہ حکومت پر مالی واجبات کا بوجھ ڈالنے کی ذہنیت بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp