خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

منگل 12 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح خواتین کے لیے ایک محفوظ صوبہ بنانا ہے جہاں کوئی بھی خاتون جب چاہے بااعتماد اور محفوظ ماحول میں گھر سے باہر نکل سکے اور اسے کسی قسم کی ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا تعلق بھی اسی تعلیمی ادارے سے ہے جو ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ سیاست میں آئیں گی۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکانِ اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں چند سال قبل تک خواتین فرنٹ لائن میں نظر نہیں آتیں تھیں تاہم آج صورتحال بدل چکی ہے اور وہ خود بطور وزیراعلیٰ اس تبدیلی کی مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری سمیت متعدد خواتین آج سیاست اور حکومت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ صوبے کے کئی اداروں کی قیادت بھی خواتین کے پاس ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور کالج یونیورسٹی سے ان کی کئی یادیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگری حاصل کرنا سفر کا اختتام نہیں بلکہ اصل زندگی کا آغاز ہے اور معاشرہ خواتین کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔

مزید پڑھیں: بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعریف

 مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ لکھی ہوئی تقریر کرنے کے بجائے عوام سے دل کی بات کرنا پسند کرتی ہیں اور انہیں نوجوانوں کو درپیش چیلنجز کا بخوبی علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ نوجوان مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں تاہم حکومت ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کا فوکس خواتین کے تحفظ پر ہے اور اگر کسی خاتون کے ساتھ ہراسانی، چھیڑ چھاڑ، زیادتی یا کسی قسم کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آئے تو وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گی جب تک ذمہ دار قانون کے کٹہرے میں نہ آ جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp