سام سنگ ون یو آئی 9 بیٹا: دوسرے مرحلے کا آغاز 26 مئی سے ہوگا

بدھ 13 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سام سنگ اپنے ’ون یو آئی 9‘ بیٹا پروگرام کو وسعت دیتے ہوئے اس کے دوسرے مرحلے کا آغاز 26 مئی سے کرنے جارہا ہے۔ اینڈرائیڈ 17 پر مبنی اس سافٹ ویئر کے دوسرے مرحلے میں امریکہ، برطانیہ، بھارت، جرمنی اور پولینڈ سمیت مزید ممالک کو شامل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سام سنگ نے گلیکسی ایس 25 کا اسٹیل ورژن متعارف کروا دیا

سام سنگ نے رواں ہفتے ہی اپنے بیٹا ورژن کا پہلا مرحلہ شروع کیا تھا، تاہم کمپنی اپنی روایتی پالیسی کے تحت اسے مختلف مراحل میں جاری کررہی ہے تاکہ بڑے پیمانے پر لانچ کرنے سے پہلے صارفین کی رائے اور سسٹم کے استحکام کا جائزہ لیا جاسکے۔

سام سنگ کے مطابق جو صارفین گلیکسی ایس 26 سیریز استعمال کررہے ہیں اور اس نئے سافٹ ویئر کو آزمانا چاہتے ہیں، انہیں ’سام سنگ ممبرز‘ ایپلی کیشن کے ذریعے رجسٹریشن کروانا ہوگی۔ ایک بار رجسٹریشن مکمل ہونے اور متعلقہ علاقے میں رسائی ملنے کے بعد، صارفین کو اینڈرائیڈ 17 کے بیٹا ورژن کا لنک موصول ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اجازت کے بغیر میری تصویر کیوں استعمال کی؟ اداکارہ کا سام سنگ کیخلاف 15 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ

کمپنی نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ دوسرے مرحلے کے دوران فہرست میں مزید ممالک کے ناموں کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے،فی الحال یہ بیٹا ٹیسٹ صرف گلیکسی ایس 26 کے صارفین کے لیے مخصوص ہے، کیونکہ سام سنگ عام طور پر نئے ماڈلز پر کامیاب تجربے کے بعد ہی اسے پرانے فونز پر منتقل کرتا ہے۔

گلیکسی ایس 25 یا اس سے پرانے ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو فی الحال اس پروگرام میں شمولیت کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ون یو آئی 9 کے بیٹا مرحلے میں سام سنگ کی یہ تیزی ظاہر کرتی ہے کہ کمپنی اس بار فائنل ورژن کو بہت جلد مارکیٹ میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp