وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے آذربائیجان کے دورے کے دوران ورلڈ اربن فورم میں قائم کیا گیا پنجاب پویلین عالمی مندوبین کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف باکو میں منعقدہ ورلڈ اربن فورم میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے پنجاب پویلین کا افتتاح کیا اور اس کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آذربائیجان میں ورلڈ اربن فورم میں پنجاب پویلین پہنچ گئیں۔ pic.twitter.com/KhuEA65dHF
— Pir Adnan Bodla (@PirAdnanBodla) May 19, 2026
افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مختلف ممالک سے آئے وفود، شرکا اور میڈیا نمائندگان نے وزیراعلیٰ سے ملاقاتیں بھی کیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے غیر ملکی شرکا کو پنجاب کے افورڈ ایبل اربن ہاؤسنگ پراجیکٹس کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ عالمی میڈیا نے حکومت پنجاب کے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کی رفتار اور پیش رفت کو ایک مثال قرار دیا۔
پویلین میں اس منصوبے پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے گھروں اور مستفید ہونے والے افراد کی کہانیوں کو پیش کیا گیا۔
دستاویزی فلم دیکھنے کے بعد عالمی مہمانوں اور میڈیا نمائندگان نے تالیاں بجا کر منصوبے کو سراہا۔ حکام کے مطابق صرف ایک سال کے دوران ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ اسکیم کے تحت ایک لاکھ سے زیادہ گھر مکمل کیے جا چکے ہیں۔
پنجاب پویلین میں موجود عالمی وفود اور میڈیا نے اس پروگرام کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔













