پاکستان نے حج کے دوران عازمین کی رہنمائی اور سہولت کے لیے تربیت یافتہ معاون عملہ اور گائیڈز تعینات کر دیے۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2026: سعودی حکام کا بڑا فیصلہ، حجاج کی سہولت کے لیے نیا ٹریفک پلان نافذ
وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب پہنچنے والے پاکستانی حجاج کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
ہر سال کی طرح اس بار بھی حج گائیڈز اور معاون اسٹاف مقرر کیا گیا ہے جو پاکستانی عازمین کو حج کے ارکان کی ادائیگی میں رہنمائی فراہم کرنے کے ساتھ انتظامی، طبی اور سفری سہولیات بھی مہیا کریں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزارت نے حج گائیڈز کی تربیت اور تعیناتی کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
مزید پڑھیے: حج 2026: سعودی سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر تیار، جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ
ان کے مطابق ہر 188 عازمین کے گروپ کی قیادت ایک تربیت یافتہ گائیڈ کرے گا تاکہ حجاج کو مناسکِ حج کی ادائیگی میں آسانی ہو۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی عازمین میں سے ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج کا سب سے اہم رکن، یوم عرفہ، 10 ذوالحجہ یعنی 26 مئی کو ادا کیا جائے گا جبکہ حجاج کو 7 اور 8 ذوالحجہ کی درمیانی شب منیٰ روانہ کیا جائے گا۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اس سال کھانے، رہائش اور ٹرانسپورٹ سے متعلق شکایات کی شرح ایک فیصد سے بھی کم رہی ہے۔
انہوں نے پاکستانی حجاج پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں تاکہ ملک کا مثبت تشخص مزید اجاگر ہو۔
مزید پڑھیں: حج سیزن 2026: سعودی حکام کے خصوصی انتظامات، آب زم زم کی روزانہ لاکھوں افراد تک فراہمی یقینی
واضح رہے کہ اس سال پاکستانی عازمین کی بڑی تعداد سعودی عرب کے ’روٹ ٹو مکہ انیشی ایٹو‘ کے تحت روانہ ہوئی جس کے ذریعے مسافر پاکستان سے روانگی سے پہلے ہی امیگریشن اور کسٹمز کی کارروائی مکمل کر لیتے ہیں۔











