حج 2026: سعودی سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر تیار، جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ

جمعہ 22 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے جمعرات کے روز حج سیکیورٹی فورسز کی تیاریوں کا جائزہ لیا، جہاں حج سیزن کے لیے منظور شدہ فیلڈ اور انتظامی منصوبوں پر عمل درآمد کی تیاریوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔

مکہ مکرمہ میں منعقدہ تقریب میں، جس میں سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے شہزادہ عبدالعزیز بھی شریک تھے، مختلف سیکیورٹی اور فیلڈ مشقیں پیش کی گئیں۔ ان مشقوں کے ذریعے حج ڈیوٹی پر مامور فورسز کی تیاری، آپریشنل صلاحیتوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی استعداد کا مظاہرہ کیا گیا۔

تقریب کے دوران جدید سیکیورٹی گاڑیوں، حج انتظامات میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی، سیکیورٹی ایوی ایشن کی معاونت اور فیلڈ سپورٹ گاڑیوں کی نمائش بھی کی گئی۔

ڈائریکٹر پبلک سیکیورٹی اور حج سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین محمد البسامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت نے حجاج کرام کی خدمت کے لیے تمام وسائل اور صلاحیتیں وقف کر رکھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے حج سیزن 2026: سعودی حکام کے خصوصی انتظامات، آب زم زم کی روزانہ لاکھوں افراد تک فراہمی یقینی

انہوں نے کہا کہ انہی اقدامات کی بدولت سعودی عرب دنیا میں ہجوم کے بہترین نظم و نسق کی مثال بن چکا ہے اور حجاج کو انتہائی منظم اور آسان ماحول میں مناسک حج ادا کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

محمد البسامی کے مطابق حج سیکیورٹی فورسز نے اس سال کی ذمہ داریاں مربوط سیکیورٹی اور حفاظتی منصوبوں کے تحت شروع کر دی ہیں، جنہیں گزشتہ برسوں کے تجربات اور مختلف ممکنہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کا مقصد مکہ مکرمہ، مشاعر مقدسہ، مدینہ منورہ اور حجاج کے زیر استعمال تمام راستوں پر ان کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیے: پاکستان کا حجاج کے لیے تاریخ کا وسیع ترین میڈیکل مشن فعال

محمد البسامی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے، حجاج کے امن و امان میں خلل ڈالنے یا عبادات میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ حج سیکیورٹی فورسز منظور شدہ منصوبوں پر مکمل عمل درآمد کیلئے ہر لحاظ سے تیار ہیں۔

تقریب میں سپریم حج کمیٹی کے ارکان، اعلیٰ سیکیورٹی و عسکری حکام اور متعدد سینئر سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp