وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ایران امریکا تنازع حل کرانے کے لیے کوشاں ہیں، کامیابی کے لیے دعاگو ہوں، بلاول بھٹو

جمعہ 22 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران امریکا تنازع حل کروانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور ہم دعاگو ہیں کہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوجائیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں امن مذاکرات کی تیاریاں، وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کا ٹیلیفونک رابطہ

انہوں نے یہ بات کراچی میں 39 کلومیٹر طویل شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے کے افتتاح کے موقعے پر کی۔ یہ شاہراہ کراچی کے علاقے قیوم آباد کو ایم-9 موٹروے سے ملاتی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق اس منصوبے کا فیز III تقریباً 65 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ ہوجانا چاہیے اس سے دیگر فوائد کے علاوہ عوام کی معاشی مشکلات میں بھی کمی آجائے گی۔

انہوں نے کراچی پورٹ کو قیوم آباد سے ملانے والے ایک نئے ایکسپریس وے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔

 

مزید پڑھیے: اسلام آباد مذاکرات کا انعقاد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے سلسلے میں بڑی کامیابی ہے، بلاول بھٹو

اس موقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے میں 6 انٹرچینجز، 6 لینز اور 5 کلومیٹر طویل ایلیویٹڈ سیکشن شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کا پہلا 9 کلومیٹر حصہ جنوری 2025 میں جبکہ دوسرا 4 کلومیٹر حصہ گزشتہ سال جون میں افتتاح کیا گیا تھا اور اب باقی حصہ مئی 2026 میں مکمل ہو کر افتتاح کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق یہ منصوبہ تقریباً 4 سے 4.5 سال میں مکمل ہوا تاہم اگر حکومت آبادی کے انخلا سے بچنے کی پالیسی نہ اپناتی تو یہ منصوبہ اس سے پہلے مکمل ہو سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی سے باہر سندھ، پنجاب اور بلوچستان جانے والے مسافروں کے لیے سفر کا وقت تقریباً ایک گھنٹہ کم کر دے گا۔

مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ کراچی میں مجموعی طور پر 1700 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جبکہ گزشتہ 3 ماہ میں 70 ارب روپے سے زائد کے منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا دورہ کوئٹہ: صحت کے بڑے منصوبوں کا افتتاح، پیپلز ایئر ایمبولینس اور جدید حادثاتی طبی مرکز فعال

ان کے مطابق شاہراہ بھٹو فیز III تقریباً 65 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا جبکہ قیوم آباد سے پورٹ تک کے حصے پر مزید تقریباً 65 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

’جتنی جمہوریت سندھ اور کراچی میں ہے کسی صوبے اور شہر میں نہیں‘

تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج جتنی جمہوریت سندھ میں ہے کسی دوسرے صوبے میں نہیں اور جتنی جمہوریت کراچی میں ہے کسی دوسرے شہر میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیاست میں اس لیے آئے ہیں تاکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ادھورے خوابوں کو پورا کیا جا سکے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو تیسری بار وزیرِاعظم بننے والی تھیں لیکن انہیں شہید کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے اس منصوبے کے پہلے فیز کو مکمل کر کے دکھایا ہے جس کا افتتاح جنوری 2025 میں کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: معرکہ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے پاکستان سے لوگ کراچی آنا چاہتے ہیں اور ان کی جماعت سب کو دعوت دیتی ہے کہ وہ شہر میں آ کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مفت علاج کی سہولت کراچی کے عوام کے ساتھ ساتھ سندھ اور پورے پاکستان کے لیے ہے اور این آئی سی وی ڈی جیسے اداروں میں 18ویں ترمیم کے بعد نمایاں بہتری آئی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جن میں کیٹی بندر پورٹ ایک اہم منصوبہ ہے جو ممکنہ طور پر دنیا کے منفرد منصوبوں میں شمار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں انٹرنیشنل فنانشل سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔

خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کا بوجھ عام عوام اٹھا رہے ہیں جو بجلی اور گیس کے بلوں کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا 47ویں یومِ شہادت پر ذوالفقار علی بھٹو کو خصوصی خراج تحسین

ان کے مطابق خطے میں امن سے معاشی حالات بہتر ہوں گے جبکہ جنگ کے تسلسل سے مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام پر اضافی بوجھ نہیں ڈالے گی اور کاروباری طبقے کے ساتھ مل کر بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

تھر پارکر منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئلے سے بجلی کی پیداوار اور روزگار کی فراہمی بے نظیر بھٹو کا وژن تھا، جس پر عمل جاری ہے۔

مزید پڑھیے: وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی ملاقات، مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے حکومتی پالیسی کی تعریف

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کی دفاعی پیداوار میں بھی کراچی کا کردار بڑھایا جائے گا جبکہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور مختلف ممالک پاکستانی دفاعی سامان میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp