واٹس ایپ کا نیا فیچر، آن لائن صارفین کی نشاندہی کے لیے گرین ڈاٹ کی آزمائش شروع

جمعہ 22 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت اب یہ دیکھنا انتہائی آسان ہوجائے گا کہ کون سے کانٹیکٹس اس وقت آن لائن ہیں۔

اس نئے فیچر کے تحت واٹس ایپ میں ایک مخصوص ’کانٹیکٹس ہب‘ بنایا جائے گا جو آن لائن موجود صارفین کے ناموں کو فہرست میں سب سے اوپر لے آئے گا۔ اس سہولت کی مدد سے صارفین سیکنڈوں میں یہ جان سکیں گے کہ ان کے دوستوں یا دائرۂ کار میں سے کون اس وقت فعال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ پر چیٹس کا رش ختم: اب نظر آئے گا صرف وہی، جو آپ چاہیں گے

اس نئی ترتیب کے مطابق جو صارفین اس وقت آن لائن ہوں گے، ان کی پروفائل پکچر پر ایک سبز رنگ کا ڈاٹ (نشان) نمایاں ہوگا، جبکہ حال ہی میں فعال رہنے والے صارفین کی فہرست ان کے بالکل نیچے دکھائی دے گی۔

یہ فیچر خاص طور پر ان لوگوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا جو کاروباری معاملات یا روزمرہ کے اہم کاموں کے لیے میٹا کی ملکیت والی اس ایپ پر انحصار کرتے ہیں اور فوری مواصلت چاہتے ہیں۔

اس کے ذریعے صارفین کو کسی کی دستیابی چیک کرنے کے لیے بار بار الگ الگ چیٹس کھولنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ ہوم اسکرین پر ہی سب کا اسٹیٹس دیکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ صارفین ہوشیار! رجسٹرڈ اور فعال سم کا استعمال لازمی قرار

جہاں تک صارفین کی پرائیویسی کا تعلق ہے، تو واٹس ایپ نے اس اپ ڈیٹ میں بھی اسے اولین ترجیح دی ہے۔ وہ تمام صارفین جنہوں نے سیٹنگز میں جا کر اپنا ’لاسٹ سین‘ یا آن لائن اسٹیٹس چھپا رکھا ہے، وہ اس نئے کانٹیکٹس ہب میں نمودار نہیں ہوں گے، جس سے ان کی رازداری پوری طرح برقرار رہے گی۔

یہ فیچر فی الوقت صرف بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے اور آزمائشی مرحلے میں ہے، جبکہ عام صارفین کے لیے اسے باقاعدہ کب تک رول آؤٹ کیا جائے گا، اس کی حتمی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp