سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں منشیات کے ناسور کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس حوالے سے زہر پھیلانے والے عناصر کے خلاف سندھ حکومت کا فوری ایکشن انتہائی قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دھرتی کو منشیات سے پاک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انمول پنکی نے کن شخصیات کے خلاف بیانات دیے؟ وکیل نے ملاقات کی تفصیلات بتا دیں
حیدرآباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ’انمول‘ نامی خاتون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاشرے میں زہر پھیلانے کی کوشش کی جس پر قانون حرکت میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت جہاں ایک طرف جرائم اور منشیات کے خلاف برسرِپیکار ہے، وہیں دوسری طرف خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت خواتین کو بلا معاوضہ اسکوٹی، ٹریننگ اور ڈرائیونگ لائسنس فراہم کر رہی ہے اور یہ تمام تقسیم خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اب وکلاء برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بھی ‘پنک اسکوٹی’ مفت دی جائے گی، جبکہ خواتین کے لیے الگ سے پنک بسیں پہلے ہی کامیابی سے چلائی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:’انمول پنکی کیس: اعلیٰ افسران کی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کرلیے گئے
صوبائی وزیر نے توانائی اور انفراسٹرکچر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سستی بجلی کی پیداوار صرف تھر کے کوئلے سے ہی ممکن ہے اور حکومتِ سندھ نے اس جیسے تمام بڑے اور عوامی فلاحی منصوبے کامیابی سے شروع کیے ہیں جن کے دائرہ کار کو اب پورے صوبے تک پھیلایا جا رہا ہے۔














