بھارت میں ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ تنازع شدت اختیار کر گیا، بی جے پی اور اپوزیشن آمنے سامنے

ہفتہ 23 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کامیڈین اور اداکار ویر داس نے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف مبینہ کارروائی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے ’انتہائی احمقانہ اقدام‘ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اکاؤنٹس بند کرنے کی کوششوں نے اس تحریک کو دبانے کے بجائے مزید مقبول اور مؤثر بنا دیا۔

بھارتی اداکار اور کامیڈین ویر داس نے’کاکروچ جنتا پارٹی‘(CJP) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف مبینہ کریک ڈاؤن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بند کرنے کی کوشش نے دراصل اس تحریک کو مزید تقویت دی ہے۔

ویر داس کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے دعویٰ کیا کہ تنظیم اور ان کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک یا معطل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘، بھارتی چیف جسٹس کے ریمارکس پر سیاسی تحریک چل پڑی

ویر داس نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’یہ الگ بحث ہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی ایک حقیقی تحریک ہے یا نہیں، وقت اس کا فیصلہ کرے گا، لیکن جس طرح نوجوانوں نے اس بیانیے کو پذیرائی دی اور جو ردعمل سامنے آیا، وہ مکمل طور پر حقیقی تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’اگر یہ سب کافی نہ تھا تو ان کے اکاؤنٹس بند کرنے جیسا انتہائی احمقانہ اقدام دراصل اس تحریک کو مزید جائز حیثیت دے گیا۔‘

اس سے قبل ابھیجیت دیپکے نے ایکس پر دعویٰ کیا تھا کہ ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے لکھا،’انسٹاگرام پیج ہیک کر لیا گیا، میرا ذاتی انسٹاگرام بھی ہیک ہوا، ایکس اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا جبکہ بیک اپ اکاؤنٹ بھی بند کر دیا گیا۔‘

دیپکے نے عوام سے اپیل کی کہ ان اکاؤنٹس سے کی جانے والی کسی بھی پوسٹ پر اعتبار نہ کیا جائے کیونکہ ان کی ٹیم کو فی الحال اپنے پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل نہیں۔

یہ سیاسی تحریک 16 مئی کو ابھیجیت دیپکے نے ایک بیان کے بعد شروع کی تھی، جسے بعد میں سوشل میڈیا پر وسیع توجہ حاصل ہوئی۔

چند روز قبل دیپکے نے ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا تھا، جس میں دکھایا گیا کہ ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کا ایکس اکاؤنٹ بھارت میں قانونی درخواست کے تحت معطل کیا گیا۔

اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ویر داس نے لکھا تھا، ’یہ مکمل طور پر اسٹریسینڈ ایفیکٹ جیسا لگ رہا ہے۔‘

واضح رہے کہ ’اسٹریسینڈ ایفیکٹ‘ اس صورتحال کو کہا جاتا ہے جب کسی معلومات کو دبانے یا سنسر کرنے کی کوشش الٹا اسے مزید مقبول بنا دیتی ہے۔

بی جے پی کا غیر ملکی سازش کا دعویٰ

دوسری جانب راجیو چندر شیکھر نے دعویٰ کیا ہے کہ ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ کا سوشل میڈیا ٹرینڈ دراصل ایک منظم سرحد پار اثرانداز مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کو نشانہ بنانا اور بھارت میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اس مہم کو سوشل میڈیا پر بوٹس اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تقویت دی جا رہی ہے۔

راجیو چندر شیکھر کے مطابق، ’سوشل میڈیا، بوٹس اور ہتھیار کے طور پر استعمال ہونے والی AI کے دور میں جعلی مگر بظاہر قدرتی بیانیے تخلیق کیے جا سکتے ہیں تاکہ معاشروں کو کمزور کیا جا سکے۔‘

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ترقی اور جدیدیت بعض بیرونی قوتوں اور مفاد پرست عناصر کو قبول نہیں۔

کانگریس کی تنقید

ادھر دیپیندر سنگھ ہودا نے ’کاکروچ جنتا پارٹی ‘ سے منسلک اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کو جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا۔

انہوں نے کہا، ’اگر کوئی سوشل میڈیا پر حکومت پر تنقید کرے اور اس کا اکاؤنٹ بند کر دیا جائے تو یہ جمہوریت کے لیے مناسب طرزِ عمل نہیں۔‘

ہودا کے مطابق یہ آن لائن تحریک نوجوانوں کے غصے اور حکومتی نظام سے بڑھتی بے چینی کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس تحریک کو اپنے مفاد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس سے تحریک کی اصل روح متاثر ہو سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

کانز فیسٹیول میں پاکستانی فیشن کا ڈنکا، حسین ریہار اور صنم سعید کی شاندار انٹری

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل، پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا وزیراعظم سے بڑا مطالبہ

میٹا کا فیس بک گروپس کے لیے نئی آزاد ’فورم‘ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ، ریڈٹ طرز پر مباحثے ہوں گے

عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کے حوالے سے اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس، 3 سالہ کارکردگی کا بھی جائزہ

الفا براوو چارلی کے ‘کیپٹن کاشف’ کی یادیں: ہیلی کاپٹر کا خطرناک سین جس نے مداحوں کے رونگٹے کھڑے کردیے

ویڈیو

‘بکرا قسطوں پر’، سوفٹ ویئر ہاؤس کے مالک گاہکوں کے لیے یہ آفر کیوں لائے؟

پی ٹی آئی کے کون سے رہنما احتجاجی سیاست کے حق میں ہیں اور کون سے مخالف؟

نومسلم آسکر براؤن کا پہلا حج: ایک روحانی اور جذباتی تجربہ

کالم / تجزیہ

ڈونلڈ ٹرمپ کی قربانی

نریندر مودی صحافیوں سے کیوں خوفزدہ ہیں؟

عورت اور مرد کی کشمکش