امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے مذاکرات کار جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ممکنہ معاہدے کے حتمی مرحلے کے کافی قریب پہنچ چکے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ زیر غور معاہدہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے ساتھ ساتھ افزودہ یورینیم کے معاملے کو بھی اطمینان بخش انداز میں حل کرے گا۔
مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران میں اہم ملاقاتیں، امریکا ایران مفاہمت کی جانب مثبت پیشرفت
انہوں نے واضح کیاکہ وہ صرف اسی معاہدے کی منظوری دیں گے جس میں امریکا کے تمام اہم مطالبات پورے کیے جائیں۔
قبل ازیں امریکی نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ ایران سے متعلق ممکنہ جنگ کے حوالے سے وہ اتوار تک کوئی فیصلہ کر سکتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ امریکا ایران کے ساتھ یا تو ایک اچھی ڈیل کرے گا یا پھر اسے مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر ہفتے کے روز اپنے قریبی مشیروں کے ساتھ اہم مشاورت کریں گے، جس میں اسٹیو وٹکوف، جیرڈ کشنر اور جے ڈی وینس کی شرکت متوقع ہے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ کچھ حلقے ایران کے ساتھ معاہدے کے حق میں ہیں، جبکہ بعض لوگ دوبارہ جنگ شروع کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ وہ صرف ایسے معاہدے پر آمادہ ہوں گے جس میں یورینیم افزودگی اور ایران کے موجودہ یورینیم ذخائر سمیت تمام اہم نکات واضح طور پر شامل ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے لیے بھرپور سفارتکاری کررہا ہے، اور اسی سلسلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا سرکاری دورہ بھی کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ 8 اپریل 2026 کی امریکا ایران جنگ بندی کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں کشیدگی کم کرنے اور تعمیری رابطوں کے فروغ کے لیے جاری ثالثی کوششوں کا حصہ تھا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، جنہوں نے ثالثی عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں: ایران جنگ کا خاتمہ قریب، معاہدہ آج ہی قبول کیے جانے کی توقع ہے، امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے تفصیلی مذاکرات کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ایرانی قیادت نے خطے کے مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔














