’پاکستان کی دفاعی صلاحیت امن اور استحکام کی ضامن‘ یومِ تکبیر پر سیاسی و عسکری قیادت کا قومی یکجہتی کا اظہار

جمعرات 28 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کے روز یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ملک ہے جو بین الاقوامی

قوانین اور اصولوں کا احترام کرتا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ 28 سال قبل کیے گئے جوہری تجربات نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنایا اور ملک کو دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بنا دیا۔

 یہ بھی پڑھیں : یوم تکبیر: مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز آویزاں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تصویر بھی چسپاں

انہوں نے سائنسدانوں، انجینئرز اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کی بدولت پاکستان نے یہ تاریخی سنگ میل حاصل کیا۔

صدر زرداری نے قومی قیادت اور اداروں کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں کو مضبوط بنایا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن اس حقیقت کی گواہی دیتا ہے کہ پاکستان کا دفاع، جس کا تصور علامہ محمد اقبال نے دیا اور جسے قائداعظم محمد علی جناح نے عملی شکل دی

مضبوط اور قابل ہاتھوں میں ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے ایٹمی قوت بن کر جنوبی ایشیا میں توازن بحال کیا، وزیر اعظم شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ یوم تکبیرصرف جوہری تجربات کی یاد نہیں بلکہ یہ قومی وقار، قربانی، اتحاد اور وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت اور مسلح افواج کی تیاری دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف ایک مؤثر رکاوٹ ہیں۔

چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اورچیف آف ایئراسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے

پاکستان کے عوام کو یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی سنگ میل قومی اتحاد، استقامت اور خودمختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔

مزید پڑھیں: پانی پاکستان کی ریڈ لائن، کشمیر کو کبھی نہیں بھولیں گے: فیلڈ مارشل کا وائس چانسلرز اور اساتذہ سے خطاب

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی تزویراتی صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے جو خطے میں امن، استحکام اور قابلِ اعتبار دفاع کی ضمانت ہے۔

افواجِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر قسم کے خطرات کے خلاف وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں اور قومی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پرعزم رہیں گی۔

یومِ تکبیر 28 مئی 1998 کو پاکستان کے جوہری تجربات کی یاد میں منایا جا رہا ہے، جنہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا، اسی دن پاکستان دنیا کی 7ویں اور پہلی مسلم ایٹمی طاقت بنا۔

یہ تجربات بلوچستان کے ضلع چاغی کے راس کوہ ہلز میں کیے گئے تھے، جن کی قیادت پاکستان کے جوہری پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کی۔

یہ تجربات نہ صرف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اظہار تھے بلکہ جنوبی ایشیا میں تزویراتی توازن برقرار رکھنے کا بھی ذریعہ بنے۔

مزید پڑھیں: بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں: امریکا میں پاکستانی سفیر کی تھنک ٹینکس سے گفتگو

اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے بین الاقوامی دباؤ کے باوجود بھارت کے جوہری تجربات کے جواب میں جوہری دھماکے کیے، جس سے خطے میں طاقت کا توازن قائم ہوا۔

پاکستان آج بھی جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جبکہ کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp