وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اس سال مثالی انتظامات کے باعث عازمین حج کی شکایات کی شرح ایک فیصد سے بھی کم رہی، جو ایک اہم کامیابی ہے۔
مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن کے دفتر میں بعد از حج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے حج 2026 کے تمام انتظامات کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی حکومت پاکستان، وزارت مذہبی امور، پاکستان حج مشن اور سعودی حکام کے درمیان مثالی تعاون کا نتیجہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عازمین کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: حسن انتظام کا اعتراف: پاکستان حج مشن نے مسلسل دوسری بار ایکسیلینس ایوارڈ حاصل کر لیا
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ پاکستان کو 1 لاکھ 80 ہزار عازمین حج کا کوٹہ حاصل تھا اور اس لحاظ سے پاکستان دنیا میں حج انتظامات کے حوالے سے دوسرا بڑا ریگولیٹری مینیجر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر حج کی سربراہی میں منعقدہ ایک بین الاقوامی فورم میں پاکستان کی کارکردگی کو بھرپور سراہا گیا، جہاں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کو شاندار خدمات پر نمایاں اعزازات سے نوازا گیا۔
وزیر مذہبی امور کے مطابق رہائش، ٹرانسپورٹ اور کیٹرنگ کے بہترین انتظامات کی بدولت شکایات کی شرح انتہائی کم رہی۔

انہوں نے بتایا کہ ‘روڈ ٹو مکہ’ منصوبے کو لاہور تک توسیع دینے سے 80 فیصد پاکستانی عازمین کو امیگریشن کے آسان اور تیز تر عمل سے فائدہ پہنچا۔
مدینہ منورہ میں عازمین کے لیے مرکزیہ کے علاقے میں ایک سے 5 ستارہ ہوٹلوں میں رہائش کا انتظام کیا گیا۔
انہوں نے حج میڈیکل مشن اور سعودی جرمن اسپتال کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے مؤثر تعاون سے 146 شدید بیمار اور ضعیف عازمین کو خصوصی طبی ٹرانسپورٹ
کے ذریعے وقوف عرفہ اور طوافِ زیارت سمیت اہم مناسک کی ادائیگی کا موقع فراہم کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستانی حجاج کے لیے سہولیات پر وزیر داخلہ کا سعودی عرب کو خراجِ تحسین، انتظامات کو سراہا
سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج آپریشن کے دوران جعلی خبروں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات ایک بڑا چیلنج تھیں۔
تاہم قومی ذرائع ابلاغ نے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے حقائق عوام تک پہنچائے۔
انہوں نے زور دیا کہ حج ایک مقدس اجتماعی ذمہ داری اور خالصتاً خدمت کا مشن ہے، اس لیے اس معاملے میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔
مزید پڑھیں: وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا منیٰ کیمپوں کا دورہ، پاکستانی حجاج کے لیے انتظامات کا جائزہ
وفاقی وزیر نے سعودی قیادت، بالخصوص شاہ سلمان، شہزادہ محمد بن سلمان، ڈاکٹر توفیق بن فوزان اور نواف بن سعید المالکی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے حج انتظامات کامیابی سے مکمل ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی وزارتِ حج نے 2027 کے حج سیزن کے شیڈول اور ٹائم لائنز جاری کر دی ہیں، جس کے بعد آئندہ حج کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔












